ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’دی ماسک‘ کے ہدایتکار چک رسل 74 برس کی عمر میں چل بسے۔
چک رسل کی اہلیہ اور اداکارہ انیا زینے نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا انتقال امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سین ڈیاگو کے قریب واقع اپنے گھر میں اچانک ہوا۔
امریکی میڈیا کے مطابق چک رسل کے بے ہوش ہونے کی اطلاع پر فائر ڈپارٹمنٹ کو طلب کیا گیا تھا، تاہم فوری طور پر موت کی وجہ سامنے نہیں آئی۔
فلم دی ماسک میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار جم کیری نے چک رسل کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز تھا۔
انہوں نے کہا کہ چک رسل نے دی ماسک کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر خوشگوار، بچوں جیسا تخلیقی ماحول پیدا کیا۔ ان کی توانائی اور تخلیقی صلاحیتوں نے پوری ٹیم کو متاثر کیا۔ یہ فلم میری تخلیقی زندگی کے قیمتی ترین کاموں میں سے ایک ہے۔
چک رسل نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں متعدد کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کی، انہوں نے 1994 کی فلم دی ماسک میں کیمرون ڈیاز کو ان کی پہلی فیچر فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے بھی بھرپور حمایت کی تھی۔
چک رسل کا کہنا تھا کہ اسکرین ٹیسٹ کے دوران جم کیری اور کیمرون ڈیاز کے درمیان غیر معمولی ہم آہنگی دیکھ کر انہوں نے اسٹوڈیو کے تحفظات کے باوجود انہیں اس کردار کے لیے منتخب کروایا۔
ہدایت کاری کے علاوہ چک رسل نے اسکرین رائٹر کے طور پر بھی شہرت حاصل کی اور 1984 کی سائنس فکشن تھرلر "ڈریم اسکیپ " کی کہانی بھی تحریر کی۔ ان کی فلم دی ماسک اپنے شاندار ورچوئل ایفیکٹس کی بدولت اکیڈمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوئی تھی۔