بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں ’نیٹ‘ امتحان کی تیاری کرنے والی ایک طالبہ انکیتا سانگلے نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔
اہل خانہ کے مطابق انکیتا میڈیکل کے اس مقابلے کے امتحان میں محض 166 نمبر حاصل کرنے کے بعد سے شدید ذہنی تناؤ اور صدمے کا شکار تھی۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ہفتے کے روز شام ساڑھے چار بجے کے قریب انکیتا کو اس کے کمرے میں مردہ پایا گیا۔ پولیس کو تلاشی کے دوران مراٹھی زبان میں لکھا گیا ایک سوسائیڈ نوٹ ملا۔
اپنے آخری خط میں انکیتا نے لکھا، ’آپ لوگوں نے مجھ سے بہت پیار کیا، لیکن میں آپ کی ایک خواہش بھی پوری نہ کر سکی۔ امی! آپ نے ہر مشکل میں ایک دوست کی طرح میرا ساتھ دیا۔ بھائی! آپ نے تو مجھے امی اور ابو سے بھی زیادہ پیار کیا۔ میری اس حرکت کے ذمہ دار آپ ہرگز نہیں ہیں۔‘
اس نے مزید لکھا، ’جب میں نیٹ کی تیاری کر رہی تھی، تب آپ سب نے میرے لیے اپنی ہر خوشی قربان کر دی، لیکن میں ناکام ہو گئی اور آپ کے خواب پورے نہ کر سکی۔ بھائی! میرے بعد امی اور ابو کا بہت خیال رکھنا، انہیں کسی چیز کی کمی نہ ہونے دینا۔
مقامی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔