• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’میں ان کی عزت کرتی ہوں، وہ ہماری سینئر ہیں‘: نعیمہ بٹ نے سنگیتا کے الزامات کو مسترد کر دیا

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نعیمہ بٹ نے فلم ساز سنگیتا کے الزامات کو مسترد کر دیا۔

ہدایت کارہ و اداکارہ سنگیتا نے نعیمہ بٹ کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں آئندہ آنے والی فلم مکھو سے ان کے رویے کی وجہ سے الگ کیا گیا، کیونکہ وہ مختلف مطالبات پیش کر رہی تھیں۔

نعیمہ بٹ نے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں مصروف شیڈول کے باعث اس منصوبے کا حصہ نہیں بن سکی، جبکہ جن باتوں کو سنگیتا نے مطالبات قرار دیا، وہ دراصل تجاویز تھیں جن کا اظہار خود ہدایت کار کی درخواست پر کیا گیا تھا۔

حال ہی میں نعیمہ بٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر مشی خان کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے لکھا ہے کہ آپ سب کی محبت کا شکریہ، یہ جواب آپ سب کے لیے ہے، عزت کریں۔

اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے نعیمہ بٹ نے کہا کہ میں نے نیک نیتی کے ساتھ پورے منصوبے اور اس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز دی تھیں اور ویسے بھی سنگیتا نے خود ہی یہ تجاویز مانگی تھیں۔

انہوں نے تنازع کا باعث بننے والی پیشگی رقم کے حوالے سے بھی وضاحت دی۔

ان کے مطابق میں نے خود کہا تھا کہ میرے پاس تاریخیں دستیاب نہیں ہیں اور میں نے وہ ٹوکن کی رقم بھی واپس کر دی تھی جو انہوں نے ہماری پہلی تعارفی ملاقات میں زبردستی مجھے دی تھی، اس وقت میں خود بھی اس منصوبے کا حصہ بننے کے حوالے سے کشمکش میں تھی، اس کے باوجود میں نے ہمیشہ ان کا بہت احترام کیا۔

اپنی پوسٹ کے اختتام پر نعیمہ بٹ نے ہدایت کارہ کے لیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں آج بھی ان کی عزت کرتی ہوں، وہ ہماری سینئر ہیں، تاہم میرا کام کرنے کا انداز مختلف ہے، سنگیتا جی اور فلم مکھو کے لیے نیک تمنائیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید