• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیفری ایپسٹین کی کروڑوں ڈالرز کی جائیداد کی ممکنہ وارث کرینا شولیاک کون ہیں؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

بدنامِ زمانہ امریکی سرمایہ کار اور سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کی وفاقی جیل میں 2019ء میں موت کے کئی برس بعد اب توجہ ان کی طویل عرصے تک رہنے والی گرل فرینڈ کرینا شولیاک پر مرکوز ہو گئی ہے، جو ان کی کروڑوں ڈالرز مالیت کی جائیداد کی اہم ممکنہ وارث سمجھی جا رہی ہیں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق جیفری ایپسٹین نے اپنی موت سے صرف 2 روز قبل ایک نئی وصیت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت 1953 ٹرسٹ کے نام سے ایک نجی ٹرسٹ قائم کی گئی۔

حالیہ عدالتی ریکارڈز سے معلوم ہوا ہے کہ کرینا شولیاک کو اس ٹرسٹ کی بڑی  شخصیات میں شامل کیا گیا تھا۔

امریکی محکمۂ انصاف کی دستاویزات کے مطابق کرینا شولیاک وہ آخری شخص تھیں جن سے جیفری ایپسٹین نے جیل سے باہر اپنی موت سے قبل بات کی۔

رپورٹس کے مطابق حراست کے دوران ایپسٹین نے اپنی آخری ٹیلیفون کالز میں سے چند براہِ راست کرینا شولیاک کو کی تھیں۔

جیفری ایپسٹین کی موت کے وقت ان کی مجموعی جائیداد کی مالیت تقریباً 600 ملین ڈالرز تھی۔

اس کے بعد ایپسٹین کی جائیداد سے 200 سے زائد متاثرین کو مجموعی طور پر 170 ملین ڈالرز سے زائد بطور ہرجانہ ادا کیے گئے، جبکہ حکومت کے ساتھ مختلف قانونی تصفیے بھی کیے گئے۔

حالیہ ٹیکس ریفنڈ کے بعد ایپسٹین کے باقی اثاثوں کی مالیت اب 120 سے 150 ملین ڈالرز کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔

اگرچہ کرینا شولیاک کو ایپسٹین کی باقی ماندہ دولت کی ممکنہ وارث قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس ٹرسٹ سے ادائیگیاں فی الحال عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک روک دی گئی ہیں۔

جائیداد کے ایگزیکیوٹر رچرڈ کاہن نے بھی اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ ٹرسٹ کا معاہدہ غیر واضح اور ناقص انداز میں تیار کیا گیا تھا اور یہ واضح نہیں کہ ایپسٹین اپنی باقی ماندہ جائیداد کس طرح تقسیم کرنا چاہتے تھے۔

ماہرین کے مطابق جب تک تمام قانونی دعوے اور مقدمات نمٹا نہیں دیے جاتے، کرینا شولیاک کو وراثت میں ملنے والی رقم کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید