سینٹرل لندن کے 2 بڑے ریلوے اسٹیشن، چیرنگ کراس اور واٹرلو ایسٹ 26 جولائی سے 16 اگست تک بند رہیں گے۔
22 روزہ بندش کے دوران 20 ملین پاؤنڈ مالیت کا ایک اہم انجینئرنگ منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
اس عرصے میں ساؤتھ ایسٹرن سروس کی زیادہ تر ٹرینیں لندن وکٹوریہ، لندن کینن اسٹریٹ یا لندن بلیک فرائرز سے چلیں گی، جبکہ بعض ٹرینیں لندن برج پر ہی اپنی سروس ختم کریں گی۔
ریلوے حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے ٹرینوں کے اوقات ضرور چیک کریں، کیونکہ بندش کے دوران ٹائم ٹیبل میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
منصوبے کے تحت 1.8 کلو میٹر نیا ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا، جبکہ 16 سیٹ سوئچز اور کراسنگز تبدیل کی جائیں گی، جو ٹرینوں کو ایک ٹریک سے دوسرے ٹریک پر منتقل ہونے میں مدد دیتی ہیں۔
اس کے علاوہ چیرنگ کراس اور واٹرلو ایسٹ کے درمیان 36 سال پرانے ریلوے آلات بھی تبدیل کیے جائیں گے۔
انجینئرز کو 1864ء میں تعمیر ہونے والے ہنگر فورڈ برج کی مرمت کا بھی موقع ملے گا، یہ پل ناصرف ریلوے لائن کو دریائے ٹیمز کے اوپر سے گزارنے میں مدد دیتا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کے 2 پلوں کو بھی سہارا فراہم کرتا ہے۔
یہ دونوں اسٹیشن 17 اگست کو دوبارہ کھول دیے جائیں گے، تاہم مزید انجینئرنگ کاموں کے باعث 22 اور 23 اگست اور 10 اور 11 اکتوبر کے ویک اینڈز پر دوبارہ بند رہیں گے۔