• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن انڈر گراؤنڈ کی وکٹوریہ لائن کے مسافر غیر معمولی شور سے پریشان

لندن (سعید نیازی) لندن انڈر گراؤنڈ کی وکٹوریہ لائن کے مسافر ان دنوں ٹرین کے غیرمعمولی زیادہ شور کے سبب پریشان ہیں، مسافروں کے علاوہ ٹرین کے ڈرائیورز نے بھی شور میں اضافہ کی شکایت کی ہے۔ ایسلف یونین نے کہا ہے کہ شور کی سطح میں اضافہ کے سبب ڈرائیور اپنی سماعت کی حفاظت کیلئے کچھ حصوں میں آہستہ ٹرین چلا رہے ہیں، جبکہ آر ایم ٹی یونین نے اس مسئلہ پر ہڑتال کیلئے اپنے اراکین سے رائے بھی طلب کر لی ہے۔ لندن انڈرگراؤنڈ کے انجینئرز کا کہنا ہے کہ گرین پارک اسٹیشن پر فلڈنگ کے سبب اس علاقے میں ٹرین کے آہستہ چلنے کے سبب دیگرعلاقوں میں رفتار بڑھانے کا کہا گیا تاکہ ٹرین سروس مقررہ شیڈول پر چلے اور ٹرین کی تیز رفتاری کے سبب ٹریک پر کریک کے باعث شور بڑھتا ہے۔ وکٹوریہ لائن پر سب سے زیادہ شور والا حصہ فنسبری پارک اور ہائی بری اینڈ ازلنگٹن والے علاقے کو قرار دیا گیا ہے۔ وکٹوریہ لائن کے اضافی شور کی سطح 112.3 ڈیسیبل ریکارڈ کی گئی جبکہ ایک عام میوزک کنسرٹ میں آواز کی سطح 110 ڈیسیبل تک ہوتی ہے۔ رائل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیف پیپل کے فرینکس اولیور کا کہنا ہے کہ 115 ڈیسیبل تک کا شور سماعت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ مسافر کو زائد شور سے محفوظ رہنے کیلئے ہیڈفون لگا کر کم آواز کے ساتھ کچھ سن سکتے ہیں۔ لندن انڈرگراؤنڈ کے حکام کے مطابق شور کو کم کرنے کے حوالے سے کام جاری ہے اور توقع ہے کہ اسے 25 نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ شور کو کم کرنے کیلئے وکٹوریہ لائن کی رفتار کو بعض مقامات پر کم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

یورپ سے سے مزید