ایران نے اندرونی معاملات میں مداخلت پر تہران میں تعینات فرانسیسی سفیر کو گزشتہ روز طلب کر لیا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو تہران میں تعینات 2 فرانسیسی سفارت کاروں کی سرگرمیوں پر طلب کیا گیا۔
اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ فرانسیسی حکومت گمراہ کن عنوانات کے تحت ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور اس نوعیت کی سرگرمیاں بند کرے۔
ان کا کہنا ہے کہ دونوں فرانسیسی سفارت کار سول سوسائٹی سے رابطوں کے بہانے ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہے تھے، ان کی سرگرمیاں ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کے تحت کسی صورت جائز نہیں تھیں۔
واضح رہے کہ 20 جولائی کو ایران کی سیکیورٹی فورسز نے 2 فرانسیسی سفارت کاروں کو حراست میں لے کر کئی گھنٹوں تک ان سے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد انہیں فرانسیسی سفارت خانے واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔
حراست میں لیے گئے سفارت کاروں میں سے ایک نے الزام عائد کیا کہ دورانِ حراست اس کے ساتھ جسمانی بدسلوکی بھی کی گئی۔
فرانس کے وزیرِ خارجہ ژاں نوئل بارو نے اس واقعے کو دھمکی آمیز رویے کا نہایت سنگین اقدام قرار دیا۔