وزیر دفاع خواجہ آصف نے کشمیر سے متعلق گمراہ کن اور جھوٹے بھارتی بیانیے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پروپیگنڈے سے بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ قانونی حقائق مسخ نہیں کرسکتا۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دو ٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے، ایسے بیانات حقائق کو پروپیگنڈے سے مسخ کرنےکی ایک اور ناکام کوشش ہے، گمراہ کن بھارتی بیانات مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یہ گمراہ کن بھارتی بیانات خطے کے امن میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے۔ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کےمطابق ہونا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے پاکستان پر الزامات اس کے ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کے ریکارڈ کے باعث ناقابلِ اعتبار ہیں، بھارت جنوبی ایشیا میں دہشتگردی کی سرپرست ریاست اور عدم استحکام کا بنیادی محرک ہے۔ بھارت اپنے جارحانہ توسیع پسندانہ عزائم کے ذریعے پورے خطے کو یرغمال بنائے ہوئے ہے، ایسے بیانات مودی حکومت کے خلاف عوامی بےچینی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔