• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیما مالنی نے سیاست میں شمولیت پر دھرمیندر کے اعتراض کی وجہ بتا دی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن ہیما مالنی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر اور معروف اداکار دھرمیندر ابتدا میں سیاست میں آنے کے فیصلے کے حق میں نہیں تھے۔

77 سالہ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ دھرمیندر کو میری حفاظت کی فکر رہتی تھی، خاص طور پر جب بی جے پی کی انتخابی مہم کے دوران مجھے مختلف شہروں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کے لیے جانا پڑتا تھا۔

ہیما مالنی نے کہا کہ ابتداء میں دھرمیندر بہت پریشان اور خوفزدہ رہتے تھے، جب بھی پارٹی مجھے انتخابی مہم کے لیے مختلف مقامات پر بھیجتی، وہ ہجوم دیکھ کر فکر مند ہو جاتے اور کہتے کہ تم اتنے بڑے مجمع میں جاتی ہو، امید ہے محفوظ رہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران ہیلی کاپٹر کے ذریعے مسلسل سفر بھی دھرمیندر کی تشویش کا باعث بنتا تھا۔

ہیما مالنی کے مطابق دھرمیندر اکثر پوچھتے تھے کیا یہ سب کرنا ضروری ہے؟ جس پر میں جواب دیتی تھی کہ پارٹی نے بلایا ہے، اس لیے جانا ضروری ہے۔

اداکارہ نے اپنی سیاسی زندگی کا سہرا مرحوم اداکار ونود کھنہ کے سر  رکھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہی مجھے سیاست میں آنے کی ترغیب دی اور انتخابی مہم کے دوران عوامی اجتماعات سے خطاب کرنا سکھایا۔

ہیما مالنی نے کہا کہ ونود کھنہ مجھے اپنی انتخابی مہم میں ساتھ لے گئے تھے، انہوں نے مجھے سکھایا کہ عوام سے کیسے خطاب کرنا ہے اور بڑے مجمع کا سامنا کیسے کرنا ہے، 5 یا 6 ہزار افراد کے سامنے پہلی بار تقریر کرنا آسان نہیں ہوتا، ابتداء میں بہت خوف محسوس ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ ہیما مالنی کو 2003ء میں راجیہ سبھا کی رکن نامزد کیا گیا تھا، جبکہ انہوں نے 2004ء میں باقاعدہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید