• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عراق سے حملوں کیخلاف کارروائی کا اختیار صرف عراقی حکومت کو ہے، عراقی وزیراعظم

وزیراعظم کے دفتر کے مطابق عراقی سیکیورٹی کونسل نے امریکی اور سعودی حملوں کے معاملے پر ضروری سفارتی اقدامات کے لیے وزارت خارجہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔فائل فوٹو
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق عراقی سیکیورٹی کونسل نے امریکی اور سعودی حملوں کے معاملے پر ضروری سفارتی اقدامات کے لیے وزارت خارجہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔فائل فوٹو 

 عراق میں امریکی اور سعودی افواج کی کارروائیوں کے بعد عراقی وزیراعظم کے دفتر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی سرزمین سے کسی بھی قسم کے حملوں کے خلاف کارروائی کا اختیار صرف عراقی حکومت کے پاس ہے۔

وزیراعظم کے دفتر کے مطابق عراقی سیکیورٹی کونسل نے امریکی اور سعودی حملوں کے معاملے پر ضروری سفارتی اقدامات کے لیے وزارت خارجہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

بیان میں تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں اور ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

عراقی وزیراعظم کے دفتر نے واضح کیا کہ حکومت عراق کو علاقائی تنازعات سے دور رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہے اور ملکی خودمختاری و استحکام کے تحفظ کے لیے سفارتی اور قانونی ذرائع اختیار کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی اور سعودی افواج نے عراق میں مبینہ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے مراکز پر حملے کیے، جسے سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کا جواب قرار دیا گیا۔

عراقی ملیشیا کے مطابق حملوں میں 20 اموات ہوئیں، 32 افراد زخمی ہوئے، حملے ملیشیا کے ہیڈ کوارٹرز پر کیے گئے، سب سے بڑا حملہ صوبے نینوا میں ہوا جہاں 10 افراد مارے گئے۔

 سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق کارروائی ڈرون حملوں کے جواب میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے ساتھ مل کر کی گئی۔

 امریکی فوج نے کہا کہ حملے ایران سے وابستہ مسلح گروہوں کے خلاف کیے گئے، یہ گروہ امریکی فورسز اور سعودی توانائی ڈھانچے پر حملوں کی تیاری کر رہے تھے ۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید