• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ ہیری برطانیہ منتقلی کے بعد بچوں کی کونسی عادت بدلنے کے خواہشمند ہیں؟

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اپنے بچوں کے ہمراہ---فائل فوٹو
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اپنے بچوں کے ہمراہ---فائل فوٹو

برطانوی شہزادہ ہیری نے انکشاف کیا ہے کہ میں اپنے بچوں شہزادہ آرچی اور شہزادی للیبیٹ کے امریکی لہجے کو برطانوی لہجے میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہوں، میری خواہش ہے کہ بچے برطانوی لب و لہجے میں بات کریں۔

شہزادہ ہیری نے گزشتہ روز برطانوی ٹی وی پروگرام ’دِس مارننگ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے دونوں بچوں نے امریکا میں پرورش پانے کے باعث امریکی لہجہ اپنا لیا ہے، اب میں اپنے بچوں کو برطانوی اندازِ گفتگو اپنانے کی ترغیب دے رہا ہوں۔

ہیری نے بتایا کہ بچوں کی وجہ سے مجھے بھی گھر میں اپنے الفاظ تبدیل کرنا پڑتے ہیں، میں مٹھائی کے لیے برطانوی لفظ استعمال کرنا پسند کرتا ہوں  لیکن بچے امریکی لفظ زیادہ سمجھتے ہیں، اس لیے مجھے بھی اپنا انداز بدلنا پڑتا ہے۔

شہزادہ ہیری کے مطابق دونوں بچوں نے حال ہی میں برطانیہ کے ایک نئے اسکول میں داخلہ لیا ہے اور وہاں تعلیم حاصل کرنے کے بعد ان کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

پرنس ہیری نے بتایا کہ بچوں کے لیے اسکول یونیفارم پہننا بھی ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے تعلیمی سال کے آغاز کے صرف 2 دن بعد ہی آرچی اور للیبیٹ کا اسکول تبدیل کر دیا گیا تھا، اس فیصلے کی وجوہات میں سفر کی مشکلات، ٹریفک اور سیکیورٹی انتظامات سے متعلق خدشات شامل تھے۔

واضح رہے کہ شہزادہ آرچی کی عمر 7 سال جبکہ شہزادی للیبیٹ کی عمر 5 سال ہے، دونوں کی زندگی کا بیشتر حصہ امریکا میں گزرا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید