لاہور(خبرنگارخصوصی،آن لائن)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ٹی او آرز کا مسئلہ اس لیے پڑتا ہے کیونکہ وزیر اعظم نواز شریف کا دامن صاف نہیں ہے۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر اعتزاز احسن نے افسوس کا اظہار کیا کہ بدقسمتی سے ٹی اوآرز وہی بن سکتے ہیں جو حکومت چاہے اور حکومت کی اکثریت کی وجہ سے اپوزیشن صرف دبائو ڈال سکتی ہے۔ نواز شریف خفیہ طور پر پیسہ باہرلیکر گئے اور وزیر اعظم کو پانامہ لیکس سے فرار نہیں ہونے دیں گے ۔ الیکشن کمیشن نے پانامہ لیکس کے معاملے پر نوٹس جاری کردیئے ہیں اب وہاں جواب دینا پڑے گا ۔ آن لائن کے مطابق اعتزازاحسن نے کہا کہ حکمران ٹی او آرز پر بات کرنے سے بچ رہے ہیں ٹی او آرز پر حکومت کی طرف سے کچھ زیادہ امید نہیں۔ جس کا ٹرائل ہونا ہے وہی ٹی او آرز بنا رہے ہیں۔ پانامہ لیکس ( ن ) لیگ کے گلے میں پڑی گھنٹی ہے جو ٹن ٹن کرتی رہے گی ،انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔