امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر دباؤ ڈالنے کے لیے سفارتی، عسکری اور معاشی ذرائع استعمال کر رہا ہے، جبکہ تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا اور توانائی کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا واشنگٹن کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔
امریکی چینل فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ محاذ آرائی امریکا کو زیادہ مضبوط پوزیشن میں چھوڑتے ہوئے ختم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے میں ناکام رہے گا اور آبنائے ہرمز میں ایسے حالات بحال ہوں گے جو تیل اور گیس کی قیمتوں میں استحکام کے لیے سازگار ہوں۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران فطری طور پر غیر متوقع ہے اور ماضی میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنہیں وہ پورا نہیں کرتے، وہ معاہدہ کرتے ہیں اور پھر اس کی پاسداری نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کے پاس مختلف نوعیت کے متعدد ذرائع موجود ہیں اور حالات کے مطابق ان کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اپنے مقاصد کے حصول کے لیے سفارتی، عسکری اور معاشی ذرائع کو انتہائی محتاط اور انتہائی حکمتِ عملی کے ساتھ استعمال کر رہا ہے۔