• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کا قطر پر تین پائلٹوں کو حراست میں رکھنے کا الزام


فوٹو: ایرانی میڈیا
فوٹو: ایرانی میڈیا 

ایران نے قطر پر الزام لگایا ہے کہ اس نے ایران کے تین پائلٹوں کو حراست میں رکھا ہوا ہے اور سفارتی کوششوں کے باوجود ان تک رسائی نہیں دی جا رہی۔

ایران نے پہلی بار سرکاری طور پر دعویٰ کیا ہے کہ 2 مارچ کو قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کے بعد لاپتہ ہونے والے ایرانی فضائیہ کے تین پائلٹس کو قطری فورسز نے زندہ گرفتار کرلیا تھا۔ 

ایرانی فوجی حکام نے بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس (آئی سی آر سی) سے پائلٹس کی حالت معلوم کرنے اور ان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

 ریڈ کراس کو خط میں ایرانی فوجی عہدے دار بریگیڈیئر جنرل محمد باقر زادہ نے کہا کہ 2 مارچ 2026  کو ایک مشن کے دوران پائلٹ ماجد کاظمی شہید ہوا جبکہ تین پائلٹوں جواد صالحی، عبدالمجید دشتیان اور عمران بہروشیان کو قطر نے حراست میں لے لیا۔ 

ایرانی جنرل نے کہا قطری طرزِ عمل جنگی قیدیوں سے متعلق جنیوا کنونشنز اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد سفارتی کوششوں اور رابطوں کے باوجود ایرانی حکام کو تینوں پائلٹس سے ملاقات یا ان کا انٹرویو کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی انہیں اپنے اہل خانہ یا کیس سے متعلق حکام سے رابطہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

باقرزادہ کے مطابق یہ معاملہ جنگی جرائم سے متعلق دفعات کے دائرے میں آتا ہے اور اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

ایرانی جنرل نے یہ بھی کہا کہ شدید بیمار یا زخمی جنگی قیدیوں کو طبی ضرورت کے مطابق براہِ راست ان کے آبائی ممالک واپس بھیجا جانا چاہیے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید