برصغیر کی سیاست میں چند خاندان ایسے ہیں جنہوں نے صرف اپنے اپنے ملک کی سیاست پر اثر نہیں ڈالا بلکہ کئی دہائیوں تک پورے جنوبی ایشیا کی سیاسی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان میں بھٹو خاندان اور بھارت میں نہرو گاندھی خاندان اسی حوالے سے نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ دونوں خاندانوں کی سیاسی تاریخ میں کئی مماثلتیں بھی دکھائی دیتی ہیں اور نمایاں اختلافات بھی لیکن ایک بات مشترک ضرور ہے کہ دونوں خاندانوں نے سیاست کو صرف اقتدار کا ذریعہ نہیں بنایا بلکہ اپنی سیاسی جدوجہد، عوامی مقبولیت اور خاندانی وراثت کے باعث تاریخ کا حصہ بن گئے۔ پاکستان میں بھٹو خاندان کی سیاسی شناخت بنیادی طور پر ذوالفقار علی بھٹو سے مضبوط ہوئی۔ انہوں نے 1967ء میں پاکستان پیپلز پارٹی قائم کی اور پاکستانی سیاست میں عوامی سیاست کا ایک نیا انداز متعارف کرایا۔ روٹی، کپڑا اور مکان جیسے نعروں نے مزدور، کسان اور متوسط طبقے کو سیاسی گفتگو کا مرکزی کردار بنا دیا۔ بھارت میں نہروگاندھی خاندان کی سیاسی تاریخ اس سے کہیں پہلے شروع ہو چکی تھی جواہر لال نہرو آزادی کے بعد بھارت کے پہلے وزیرِاعظم بنے اور طویل عرصے تک ملک کی قیادت کی۔ انکے بعد انکی بیٹی اندرا گاندھی بھارتی سیاست کی سب سے طاقتور شخصیات میں شامل ہوئیںپھر انکے بیٹے راجیو گاندھی نے وزارتِ عظمیٰ سنبھالی۔ بعد کی نسل میں سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی بھی کانگریس کی سیاست میں نمایاں رہے۔ یہاں دونوں خاندانوں میں ایک دلچسپ مماثلت سامنے آتی ہے۔ دونوں ممالک میں سیاسی جماعتوں کی شناخت ایک حد تک ان خاندانوں کے نام سے جڑ گئی۔ پاکستان میں پیپلز پارٹی کا ذکر ہو تو ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو ذہن میں آتے ہیں، جبکہ بھارت میں کانگریس کی سیاست میں نہرو خاندان ایک طویل عرصے تک مرکزی حیثیت رکھتے رہے تاہم دونوں خاندانوں کو ایک جیسا سمجھنا تاریخی طور پر درست نہیں۔ نہروگاندھی خاندان کی سیاسی تاریخ بنیادی طور پر بھارتی نیشنل کانگریس اور بھارتی ریاست کے ارتقا سے جڑی ہے، جبکہ بھٹو خاندان کی سیاست پاکستان میں ایک مخصوص عوامی اور جمہوری تحریک کے طور پر ابھری۔ دونوں کے سیاسی حالات، آئینی نظام اور تاریخی پس منظر الگ تھے۔ بھٹو اور گاندھی خاندان کی سیاست کا سب سے اہم مشترکہ باب ذوالفقار علی بھٹو اور اندرا گاندھی کی سیاسی ملاقاتوں اور مذاکرات سے متعلق ہے۔ 1971ء کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات ایک انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکے تھے اسی پس منظر میں جون اور جولائی 1972ء میں شملہ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے 2 جولائی 1972ء کو شملہ معاہدہ طے پایا یہ معاہدہ آج بھی پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم دستاویز سمجھا جاتا ہے۔ اس ملاقات کی ایک دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ ذوالفقار علی بھٹو اکیلے نہیں تھے ان کی نوجوان بیٹی بے نظیر بھٹو بھی شملہ میں ان کے ہمراہ تھیں۔ یوں تاریخ کے ایک اہم سفارتی مرحلے میں ایک طرف اندرا گاندھی تھیں اور دوسری جانب مستقبل کی پاکستانی وزیراعظم بننے والی بے نظیر بھٹو اپنے والد کے ساتھ موجود تھیں یہ منظر اس بات کی علامت بھی تھا کہ جنوبی ایشیا کی سیاست میں خاندانوں کی اگلی نسلیں کس طرح تاریخ کے اہم موڑ پر موجود رہیں ۔ بھٹو اور گاندھی خاندانوں کی تاریخ کا سب سے افسوسناک پہلو ان کے سیاسی سانحات ہیں دونوں خاندانوں نے اقتدار اور سیاست کے ساتھ ساتھ ایسے المناک واقعات بھی دیکھے جن کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے گئے۔ بھٹو خاندان کے لیے سب سے بڑا سانحہ ذوالفقار علی بھٹو کی 1979ء میں پھانسی تھا اس کے بعد ان کے بیٹے شاہنواز بھٹو 1985ء میں فرانس میں پراسرار حالات میں انتقال کرگئے ان کے دوسرے بیٹے میر مرتضیٰ بھٹو کو 1996ء میں کراچی میں قتل کردیا گیا پھر 27 دسمبر 2007ء کو ان کی بیٹی اور پاکستان کی دو مرتبہ وزیر اعظم رہنے والی بے نظیر بھٹو راولپنڈی میں ایک قاتلانہ حملے میں شہید ہوئیں بھٹو خاندان کے یہ سانحات پاکستان کی سیاسی تاریخ کے ایسے واقعات ہیں جن کے اثرات آج تک محسوس کیے جاتے ہیں۔ گاندھی خاندان کی تاریخ بھی المناک واقعات سے خالی نہیں مہاتما گاندھی کو 30 جنوری 1948ء کو قتل کیا گیا بعد میں ان کی سیاسی وارث اور بھارت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی 31 اکتوبر 1984ء کو قتل ہوئیں پھر ان کے بیٹے اور سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی 21 مئی 1991ء کو ایک خودکش حملے میں مارے گئے، یوں دونوں خاندانوں کی سیاسی تاریخ میں قتل اور سانحات کا ایک ایسا باب موجود ہے جسے نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔ یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر جنوبی ایشیا کی سیاست میں خاندان اتنے طاقتور کیوں رہے؟ اس کی کئی وجوہات ہیں۔ برصغیر میں سیاسی جماعتیں اکثر مضبوط اداروں کے بجائے مقبول شخصیات کے گرد منظم ہوتی رہی ہیں۔ جب کوئی سیاسی رہنما عوام میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کرتا ہے تو اس کا خاندان بھی اسی سیاسی شناخت کا وارث بن جاتا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھایا۔ بے نظیر کی شہادت کے بعد ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی میدان میں قدم رکھا اسی طرح بھارت میں نہرو کے بعد اندرا گاندھی، پھر راجیو گاندھی اور بعد کی نسلوں نے کانگریس کی سیاست میں اپنا کردار ادا کیا۔ خاندانی سیاست کے ناقدین کہتے ہیں کہ اس نظام میں عام سیاسی کارکن کے لیے اعلیٰ قیادت تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے۔ دوسری جانب اس کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اگر عوام کسی سیاسی خاندان کے فرد کو ووٹ دیتے ہیں تو اسے صرف خاندانی پس منظر کی بنیاد پر سیاست سے خارج نہیں کیا جا سکتا۔ اصل مسئلہ خاندان نہیں بلکہ سیاسی اداروں کی مضبوطی ہے۔ اگر سیاسی جماعتوں میں اندرونی جمہوریت، شفاف انتخابات اور قیادت کے لیے کھلے مواقع موجود ہوں تو کسی خاندان کی موجودگی لازماً جمہوریت کے لیے خطرہ نہیں بنتی۔ لیکن اگر پوری جماعت ایک خاندان کے گرد محدود ہو جائے تو پھر سیاسی ادارے کمزور ہونے لگتے ہیں۔لیکن سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کیا جنوبی ایشیا کی جمہوریتیں شخصیات اور خاندانوں سے آگے بڑھ کر مضبوط سیاسی ادارے تشکیل دے سکیں گی؟ جمہوریت کسی ایک خاندان کی میراث نہیں ہونی چاہیے۔ سیاسی خاندان تاریخ کا حصہ ہو سکتے ہیں، عوام میں مقبول بھی ہو سکتے ہیں اور کئی نسلوں تک سیاست میں رہ بھی سکتے ہیں، لیکن ایک مضبوط جمہوری نظام وہی ہوتا ہے جہاں قیادت کا فیصلہ صرف خاندانی نام سے نہیں بلکہ عوامی حمایت، سیاسی کارکردگی، آئینی اصولوں اور جمہوری عمل سے ہو۔