25 سالہ دراز قد فاسٹ بولر عاکف جاوید کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی فٹنس پر بہت کام کیا ہے، اب میں مکمل فٹ ہوں اور اُمید ہے جلد قومی ٹیم میں کم بیک کروں گا۔
عاکف جاوید نے 2025ء کے دورۂ نیوزی لینڈ مین ون ڈے کیریئر کا ڈیبیو کیا اور تین ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی جس کے بعد وہ فٹنس مسائل کے باعث منظر سے غائب ہو گئے لیکن اب وہ فٹ ہیں اور لاہور میں جاری این سی اے بولرز ڈیولپمنٹ کیمپ کا حصہ ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں عاکف جاوید نے کہا ہے کہ فٹنس پر باقاعدگی سے کام جاری رکھا ہوا ہوں، فٹنس اور ڈائٹ کے ساتھ اسپیڈ برقرار بھی رہتی ہے اور اس میں اضافہ بھی ہوتا ہے، میں ان باتوں کا خیال رکھتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ کیمپ میں ان چیزوں پر کام ہو رہا ہے جن کی انٹرنیشنل کرکٹ میں ضرورت ہوتی ہے، اس کے ساتھ میں اپنی لائن لینتھ پر کام کر رہا ہوں جو اسپیڈ کے ساتھ بہت ضروری ہے۔
عاکف جاوید نے کہا ہے کہ میرا ایشین گیمز کے لیے پاکستانی ٹیم میں نام ہے، میں فٹ بھی ہوں، میں ضرور قومی ٹیم میں کم بیک کروں گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ فاسٹ بولرز کو آج کل بڑی محنت کی ضرورت ہوتی ہے، وائٹ بال کرکٹ میں فاسٹ بولرز کو مختلف ورائٹی پر کام کرنا ہوتا ہے۔