• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا استعفیٰ سامنے آ گیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

چیئرمین اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ کے استعفے کی کاپی سامنے آ گئی۔

استعفے کے متن کے مطابق ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ کا استعفیٰ منظوری کی تاریخ سے مؤثر ہو گا۔

ڈاکٹر ریاض شہباز نے استعفے میں کہا ہے کہ بعض پیش رفت اور حالات کے باعث اتھارٹی کی خودمختاری متاثر ہوئی، جبکہ موجودہ حالات میں عہدے کی ذمے داریاں آزادانہ اور مؤثر انداز میں ادا کرنا ممکن نہیں۔

استعفے کے متن کے مطابق ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ کو اکتوبر 2024ء میں آئی ایچ آر اے بورڈ کا رکن مقرر کیا گیا تھا اور بورڈ کے پہلے اجلاس میں انہیں متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ محدود افرادی قوت کے باوجود آئی ایچ آر اے نے ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط کیا۔

استعفے کے مطابق آئی ایچ آر اے نے اسلام آباد میں تقریباً 2500 ہیلتھ کیئر اداروں کو رجسٹر کیا، جبکہ ہیلتھ کیئر اداروں کے 8 ہزار سے زائد ریگولیٹری اور انسپکشن دورے کیے گئے۔

ڈاکٹر ریاض شہباز کے مطابق غیر قانونی اور جعلی طبی طریقہ کار میں ملوث تقریباً 50 اداروں کو سیل کیا گیا۔

استعفے میں کہا گیا ہے کہ ہیلتھ کیئر ریگولیشن اور مریضوں کے تحفظ کے لیے ایک آزاد اتھارٹی کا ہونا ضروری ہے۔

ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ نے اپنے استعفے میں ہیلتھ کیئر ریگولیشن اور مریضوں کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کا موقع ملنے پر اظہارِ تشکر بھی کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید