• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشوریا رائے نے فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں کام کرنے سے انکار کیوں کیا تھا؟

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے 2014ء کی کامیڈی بالی ووڈ فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

52 سالہ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ میں نے فرح خان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں کام کرنے سے اس لیے انکار کیا تھا کیونکہ فلم میں مجھے اپنے شوہر ابھیشیک بچن کے بجائے شاہ رخ خان کے مدِمقابل کاسٹ کیا جا رہا تھا۔

 یہ فلم ایشوریا کے لیے ماں بننے کے بعد ممکنہ کم بیک پروجیکٹ سمجھی جا رہی تھی، تاہم انہوں نے اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔

ایشوریا نے بتایا کہ اگر انفرادی طور پر فیصلہ کرنا ہوتا تو یہ فلم ضرور کرتی، لیکن چونکہ فلم میں میرے شوہر ابھیشیک بچن بھی موجود تھے اور میری جوڑی شاہ رخ خان کے ساتھ بنائی جا رہی تھی، اس لیے میں نے اس میں کام کرنا مناسب نہیں سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ میں فلم کی پیشکش قبول کرنے کے لیے بطور اداکارہ تیار تھی اور ’منوا لاگے‘ گانا بھی مجھے بہت پسند تھا، لیکن مجھے خدشہ تھا کہ فلم دیکھتے ہوئے میری اور ابھیشیک کی صورتِ حال سے متعلق غیر ضروری بحث چھڑ سکتی ہے۔

ایشوریا نے کہا کہ بطور پروفیشنل اداکارہ فلم سے دستبردار ہونا آسان فیصلہ نہیں تھا، تاہم ’بطور بیوی‘ میں نے یہ فیصلہ کیا۔

ایشوریا رائے نے فلموں سے وقفے کے بعد 2015ء میں ’جذبہ‘ کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی کی تھی۔

ایشوریا اور ابھیشیک بچن کی شادی 20 اپریل 2007ء کو ہوئی تھی، جبکہ نومبر 2011ء میں ان کے ہاں بیٹی آرادھیا کی پیدائش ہوئی تھی۔

ایشوریا رائے آخری بار 2023ء میں ریلیز ہونے والی منی رتنم کی فلم ’پونین سیلون 2‘ میں نظر آئی تھیں۔

واضح رہے کہ فرح خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں شاہ رخ خان کے مدِ مقابل دیپیکا پڈوکون نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ ابھیشیک بچن بھی فلم کی کاسٹ کا حصہ تھے۔

 فلم 2014ء کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں میں شامل رہی اور اسے بڑی تجارتی کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید