فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول، ایئرچیف اور افواج پاکستان نے یوم دفاع اور شہدا پر شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں۔ میدان جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ شہدا کے خاندان استقامت اور حوصلے کی پائیدار علامت ہیں۔
مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں اور پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔