• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصر: پروگرام ’مشن امپاسیبل‘ کی میزبان کو منشیات کے مقدمے میں سزائے موت سنا دی گئی

میزبان سارہ خلیفہ — فائل فوٹو
میزبان سارہ خلیفہ — فائل فوٹو

مصر کی عدالت نے معروف ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سمیت 12 افراد کو منشیات کے مقدمے میں سزائے موت سنا دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 سالہ سارہ خلیفہ اپنے پروگرام ’مشن امپاسیبل‘ کے باعث شہرت رکھتی ہیں، جس میں سیکیورٹی اور جرائم سے متعلق موضوعات زیرِ بحث آتے تھے۔

مصری اخبار الاہرام کے مطابق قاہرہ کی عدالت نے سارہ خلیفہ اور دیگر 11 ملزمان کو منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے مواد کے حصول، اسمگلنگ کی غرض سے ایک منظم جرائم پیشہ گروہ تشکیل دینے اور بغیر لائسنس اسلحہ اور گولہ بارود رکھنے کے الزامات میں پھانسی کی سزا سنائی ہے۔

فیصلہ سنانے سے قبل عدالت نے مصر کے مفتیِ اعظم سے مذہبی رائے طلب کی، جو سزائے موت کے مقدمات میں مصری قانون کے تحت ایک لازمی کارروائی ہے، تاہم اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔

مصری اخبار کے مطابق حکام نے 750 کلو گرام سے زیادہ منشیات اور خام مال قبضے میں لیا، جبکہ 2 ایسے اپارٹمنٹس بھی دریافت کیے جنہیں منشیات کی تیاری کے لیے لیبارٹریوں کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، ان مقامات سے بغیر لائسنس اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

عدالت نے سارہ خلیفہ کو ایک الگ مقدمے میں ایک نوجوان کو اغواء کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں 5 سال قید کی سزا بھی سنائی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید