نائب امیرِ جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیاری مکمل کر لی، 10 ستمبر کو مذاکرات کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کیے جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز عوام کو مہنگی بجلی فراہم کرتے ہیں جبکہ خود مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس ختم کیا جائے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی کا دھرنا آج 24 ویں روز بھی جاری ہے، ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے مکمل تیاری کر چکے ہیں، مذاکرات میں عوام کو درپیش مسائل اور ریلیف کے مطالبات پر بات ہو گی۔
نائب امیرِ جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی اپنے احتجاج اور دھرنے کے ذریعے عوام کو ریلیف دلوانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔