• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: محسن نقوی کا نادرا میگا سینٹر کا دورہ، ٹوکن پر انتظار ختم کروانے کی یقین دہانی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے علاقے شملہ پہاڑی میں واقع نادرا میگا سینٹر کا دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

وزیرِ داخلہ مختلف کاؤنٹرز پر گئے اور شناختی کارڈز سمیت دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی۔ 

محسن نقوی نے شہریوں سے دستاویزات کی تیاری میں لگنے والے وقت، عملے کے رویے اور انہیں درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔

شہریوں نے باہر ٹوکن لینے کے لیے انتظار کی شکایت کی تاہم سینٹر کے اندر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شہریوں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ اندر داخل ہونے کے بعد کام جلد ہو جاتا ہے، ایک شہری کے مطابق صرف 10 منٹ میں باری آ گئی اور کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

ایک بزرگ شہری نے بتایا کہ عملے نے مکمل تعاون اور رہنمائی کی اور چند منٹ میں میرا کام مکمل ہو گیا۔

محسن نقوی نے سینٹر کے اندر بہترین انتظامات پر نادرا کے عملے کو شاباش دی اور شہریوں کو ٹوکن کے لیے انتظار کی پریشانی ختم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے بعض شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کے لیے موقع پر ہی احکامات بھی جاری کیے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بروقت اور بلا تاخیر خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، شہریوں کا اعتماد اور مثبت ردِعمل ہی کسی ادارے کی کامیابی ہے۔

قومی خبریں سے مزید