• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کا ٹرمپ پر اکشے کمار کی میم کے ذریعے طنز

---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

تیونس میں ایرانی سفارتخانے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنانے کے لیے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی مشہور میم کا سہارا لے لیا۔

ایرانی سفارتخانے نے یہ میم اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر اس وقت شیئر کی جب ایران نے دعویٰ کیا کہ پاسدارانِ انقلاب نے 8 ستمبر کو آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر ایک بغیر پائلٹ امریکی ڈرون آبدوز کو قبضے میں لے لیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بحری افواج نے صبح کے وقت ایک پیچیدہ انٹیلی جنس اور آپریشنل کارروائی کے دوران اس آبدوز  کو قبضے میں لیا تھا۔

ایرانی فورسز نے مبینہ طور پر قبضے میں لی گئی امریکی ڈرون آبدوز کی ویڈیو اور تصاویر بھی جاری کیں، تاہم امریکا نے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پرانا ماڈل تھا جو آپریشن کے دوران خراب ہو گیا تھا۔

ایرانی سفارتخانے نے اس معاملے پر باضابطہ ردِعمل کا اظہار کرنے کے بجائے طنزیہ انداز اختیار کیا اور 2011ء کی بالی ووڈ کامیڈی فلم ’ہے بے بی‘ سے اکشے کمار کی تصویر پر مبنی میم شیئر کر دی۔

میم کے ساتھ سفارتخانے نے لکھا ہے کہ ایک ڈرون آبدوز کھو گئی، تیل کی قیمت 100 ڈالرز کے قریب پہنچ رہی ہے، انتخابات قریب ہیں، ٹرمپ کیا حال ہے؟

میم میں اکشے کمار کے طنزیہ و شرارتی تاثرات کو استعمال کرتے ہوئے ڈرون آبدوز کے معاملے کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے، جبکہ تیل کی قیمتوں اور آئندہ انتخابات کا حوالہ دے کر ٹرمپ پر مزید طنز کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید