حالیہ ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کم روشنی میں سونے سے دل کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
یہ تحقیق ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کم عمر افراد میں دل کی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے واقعات نے صحت سے متعلق خدشات میں اضافہ کیا ہے۔
تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے برطانیہ کے بائیو بینک سے تعلق رکھنے والے 11 ہزار سے زائد ایسے افراد کا جائزہ لیا جنہیں پہلے سے قلبی بیماری لاحق نہیں تھی۔
شرکاء نے 7 روز تک کلائی پر ایسے سینسرز پہنے جو رات کے وقت روشنی کی مقدار ریکارڈ کرتے رہے، 3 سال بعد ان کے دل کی ساخت اور کارکردگی جانچنے کے لیے ایم آر آئی سمیت مختلف قلبی معائنے کیے گئے۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ سوتے وقت 3 لکس سے زیادہ روشنی کے سامنے رہنے والے افراد کے دل کے پٹھوں کی دیواریں نسبتاً موٹی تھیں، بالخصوص بائیں وینٹریکل کی دیوار میں یہ موٹائی زیادہ دیکھی گئی۔
دل کے پٹھوں کی اس موٹائی کے باعث بائیں وینٹریکل کے اندر موجود جگہ کم ہو گئی اور ہر دھڑکن کے دوران دل کے پٹھوں کے لچکنے کی صلاحیت متاثر ہوئی، جسے قلبی کارکردگی میں خرابی کی ابتدائی علامت قرار دیا گیا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ان نتائج کی زیادہ درست انداز میں تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
