مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ستیہ نڈیلا نے بھی اے آئی کی تیز رفتار ترقی کے حوالے سے جاری بحث میں محتاط رویے کی حمایت کر دی۔
ستیہ نڈیلا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اے آئی کمپنی اینتھروپک کے سی ای او داریو اموڈی نے اے آئی ماڈلز کی ترقی کی رفتار کچھ کم کرنے اور ٹیکنالوجی کی حفاظت کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
اُنہوں نے اے آئی کی تیز رفتار ترقی سے متعلق اے آئی کمپنی اینتھروپک کے سربراہ ڈاریو اموڈے کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اے آئی انسانی کنٹرول میں نہ رہے تو اس کی ترقی کا کوئی فائدہ نہیں۔
مائیکرو سافٹ کے سی ای او نے اے آئی کی ترقی روکنے کے بجائے ٹیکنالوجی کے ساتھ مؤثر حفاظتی نظام، نگرانی اور انسانی کنٹرول برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے اس بات کی بھی حمایت کی ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کو چند بڑی کمپنیوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے مختلف ممالک، کمیونیٹیز اور اداروں تک وسیع کیا جائے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ مائیکرو سافٹ اپنے تیار کردہ اے آئی ماڈلز کے لیے ایک ’کوڈ آف کنڈکٹ‘ متعارف کروانے کی تیاری بھی کر رہا ہے، جس کا مقصد اے آئی کے ذمے دارانہ اور محفوظ استعمال کے لیے اصول وضع کرنا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین اور ایلون مسک آزاد ماہرین کے ذریعے اے آئی سسٹمز کے حفاظتی جائزے کی بھی حمایت کر چُکے ہیں۔
