پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر حکومتِ پنجاب اور اسپورٹس بورڈ پنجاب نے لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے لیے فنڈز منظور کیے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور اور ملحقہ پریکٹس گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کے لیے 40 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
منصوبے کے تحت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے نئی آسٹروٹرف بچھائی جائے گی، اسٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولتوں کو بھی جدید بنایا جائے گا، اس کے علاوہ انفرااسٹرکچر کی تزئین و آرائش کا کام بھی کیا جائے گا۔
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ جنوری 2027ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کو آئندہ ساؤتھ ایشین گیمز کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ہاکی کے مقابلے شیڈول کیے گئے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے اس منصوبے کی تکمیل سے ہاکی کے کھلاڑیوں کو بہتر تربیتی سہولتیں میسر آنے اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے معیاری ماحول فراہم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔