• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا و چین کا مصنوعی ذہانت پر حفاظتی معاہدہ نوبیل امن انعام جیت سکتا ہے: سیم آلٹمین

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

 اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی دنیا کی 2 بڑی حریف طاقتوں امریکا اور چین کے درمیان حفاظتی معاہدہ نوبیل امن انعام کا حق دار بن سکتا ہے۔

امریکی جریدے فارچیون کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سیم آلٹمین نے کہا ہے کہ امریکا اور چین مصنوعی ذہانت کی تیاری میں ایک مخصوص حد سے زیادہ خطرات مول نہ لینے پر اتفاق کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کسی بڑے اور پیچیدہ معاہدے کے بجائے مشترکہ حفاظتی اصول اور مصنوعی ذہانت کی جانچ کے یکساں معیار واضح کرنے کی تجویز دی۔ 

سیم آلٹین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ مشکل نہیں اور اس معاہدے کے لیے صرف 1 صفحے پر مشتمل دستاویز بھی کافی ہو سکتی ہے۔

سیم آلٹ مین نے کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں معاشی اور جغرافیائی سیاسی مسابقت جاری رہنی چاہیے تاہم دونوں ممالک اس مسابقت سے الگ رہتے ہوئے ٹیکنالوجی کے تحفظ کے لیے مشترکہ اصول طے کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اس ممکنہ معاہدے کو نوبیل امن انعام سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ایسا اقدام پیس پرائز کا مستحق ہو سکتا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیم آلٹمین کی اس تجویز کے سیاسی پہلو بھی ہو سکتے ہیں کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود بھی نوبیل امن انعام حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں چینی صدر شی جن پنگ کا 24 ستمبر کو وائٹ ہاؤس کا دورہ متوقع ہے۔ 

شی جن پنگ کے دورے کی منصوبہ بندی پہلے ہی کی جا چکی تھی جبکہ ٹرمپ کا چین کا دورہ، جس میں شی جن پنگ سے ملاقات بھی شامل تھی، ایران تنازع کے باعث مؤخر کر دیا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید