• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد سینئر برطانوی صحافی شوکت ڈار دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

ویڈیو گریب۔
ویڈیو گریب۔

برطانیہ کے سینئر صحافی اور پاکستان پریس کلب یوکے انٹرنیشنل کے صدر شوکت ڈار انتقال کر گئے، انہیں آج منگل کی شام دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے حوالے سے اعلان آئندہ ایک دو روز میں متوقع ہے۔

شوکت ڈار کا شمار برطانیہ میں ڈیجیٹل میڈیا کے بانیوں میں ہوتا ہے، وہ تقریباً 35 برس سے عملی صحافت سے وابستہ رہے، ان کے انتقال پر لندن سمیت برطانیہ بھر کی صحافتی برادری صدمے سے دوچار ہے۔

شوکت ڈار اپنے اعلیٰ اخلاق اور خوش مزاجی کے باعث ہر حلقے میں یکساں مقبول تھے، ٹریڈ یونین سے وابستگی کے سبب وہ ہمیشہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم نظر آتے، کسی صحافی کے ساتھ زیادتی ہوتی تو وہ اس کے ساتھ کھڑے دکھائی دیتے، جبکہ پاکستان میں کسی میڈیا گروپ کو مشکلات کا سامنا ہوتا تو وہ برطانیہ میں اس کے حق میں مظاہروں میں بھی پیش پیش رہتے تھے۔

صحافیوں اور سماجی شخصیات نے شوکت ڈار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر محفل کی جان تھے۔ جس محفل میں بھی شریک ہوتے، وہاں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر جاتیں، کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے بھی ہمیشہ متحرک رہتے۔

صحافیوں اور سماجی شخصیات کا کہنا تھا کہ شوکت ڈار کی ہر شخص کے ساتھ ذاتی دوستی تھی اور ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا پر نہیں ہو سکے گا۔

کمیونٹی کے مختلف افراد نے شوکت ڈار کے اہلِ خانہ اور ان کے دستِ راست وحید احمد سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا کی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید