• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاولپور میں تاریخی عمارات کی حفاظت کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں،رانامشہود

بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب بہاول پور میں واقع تاریخی عمارات کی حفاظت کے لیے خطیر رقم صرف کررہی ہے تاکہ انہیں آئندہ آنے والی نسلوں کے  لئےمحفوظ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 1200 سال قدیمی قلعہ ڈ یرآور کو اصلی حالت میں بحال کرنے کے  لئے نواب سرصادق محمد خان عباسی کے اہل و عیال کے تعاون سے حکومت پنجاب خطیر رقم صرف کررہی ہے۔ اسی طرح اوچ شریف میں واقع صدیوں قدیم مزارات کو بھی اصلی حالت میں بحال کرنے کے  لئے کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ ڈیرآور کے دورے کے موقع پر کیا۔انہوں نے  کہا کہ ہزاروں سال قدیم تہذیب کا یہ گہوارہ، یہاں کا کلچر اور صحرا ملکی اور غیرملکی سیاحوں کے لیے بہت کشش رکھتے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ ٹی ڈی سی پی ریجنل آفس بہاول پور ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے قلعہ ڈیرآور چولستان اور باقی تاریخی قلعوں کے لیے کیمپنگ ٹورز کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے تعاون سے ہونے والا میگا ایونٹTDCP چولستان جیپ ریلی پاکستان کی پہچان بن چکا ہے۔ اس کی تین روزہ رنگارنگ تقریبات دیکھنے کے لیے ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں۔ انہوں نے شاہی مسجد ڈیرآور کی بھی سیر کی۔ اس موقع پر ریجنل منیجر شاہد محمود نے بتایا کہ سفید سنگ مرمر کے دلکش ڈیزائن سے مرقع تاریخی مسجد1844ء میں نواب محمد بہاول خان عباسی نے تعمیر کروائی۔ یہ مسجد لال قلعہ دہلی کی موتی مسجد کی طرز پر تعمیر کی گئی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے عظیم الشان صادق گڑھ پیلس کی سیر کی۔
تازہ ترین