امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئیوا میں 15 ارب ڈالرز کی لاگت سے اسٹیل پلانٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جسے امریکی تاریخ کا سب سے بڑا اسٹیل کا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے، یہ منصوبہ بھارتی گروپ ایسار کی ذیلی کمپنی میسابی میٹالکس تعمیر کرے گی۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی آئیوا میں قائم ہونے والے پلانٹ میں ابتدائی طور پر سالانہ 7.5 ملین ٹن اسٹیل تیار کیا جائے گا جبکہ مکمل ہونے کے بعد پیداواری صلاحیت 10 ملین ٹن سالانہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس پلانٹ سے پیداوار 2030ء تک شروع ہونے کا امکان ہے۔
پلانٹ کے لیے لوہا مینیسوٹا میں میسابی میٹالکس کی نئی کان سے فراہم کیا جائے گا جس سے کان کنی سے اسٹیل کی تیاری تک مکمل امریکی سپلائی نظام قائم ہو گا۔
منصوبے سے تقریباً 6,000 تعمیراتی ملازمتیں اور 1,750 مستقل ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔