• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج میں جلاؤ گھیراؤ یا ہتھیار اٹھانے کی کوشش پر کارروائی ہو گی: شرجیل میمن

شرجیل انعام میمن---فائل فوٹو
شرجیل انعام میمن---فائل فوٹو  

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اگر احتجاج میں جلاؤ گھیراؤ یا ہتھیار اٹھانے کی کوشش کی جائے گی تو حکومت عوام کے تحفظ کے لیے کارروائی کرے گی، احتجاج کے نام پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ یا ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ 

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایسے کام کیے گئے ہیں جنہیں دنیا بھر میں پذیرائی ملی، پبلک پارٹنرشپ میں سندھ کی درجہ بندی دنیا کے ٹاپ 10 میں آ رہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت نے گزشتہ 18 سال میں بہترین کام کیے ہیں، صحت کے ادارے، ہاؤسنگ اسکیمیں اور پبلک پرائیویٹ منصوبے بھی دنیا بھر میں تسلیم کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادیٔ صحافت کے لیے کام کیا ہے، پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں، صحافی اور سیاسی جماعت ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تنقید برداشت کی ہے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ وژن کے حوالے سے بلاول بھٹو اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پہلے ہی بریفنگ دے چکے ہیں، محکمۂ اطلاعات نومبر میں سکھر اور تھرپارکر میں سندھ وژن پر کانفرنس کرنا چاہتا ہے جس میں پاکستان بھر کے صحافیوں کو مدعو کیا جائے گا، غیر ملکی صحافیوں کو بھی مدعو کر کے سندھ حکومت کے کام دکھائے جائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد چین جائے گا اور شنگھائی میں عالمی کانفرنس میں شرکت کرے گا جہاں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات ہو گی، پاکستان میں 3 سیاسی جماعتوں کی حکومت ہے اور معیشت مضبوط کرنے کے لیے صنعتی منصوبے اپنانا ہوں گے۔

کراچی کے حوالے سے شرجیل میمن نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی سائیڈ کی سڑکوں پر ابھی کام باقی ہے، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جاری کام مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں ہر جگہ بسیں چلیں گی، سندھ حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر ٹرانسپورٹ کی نئی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید