کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں 21 ہزار نوکریاں، اے آئی کیریئر ایجنٹ لارہے ہیں۔ آئی ورک فار سندھ پر 718 کمپنیاں رجسٹرڈ، 4 لاکھ 71 ہزار درخواستیں جمع، 1800 کورسز جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے پائلٹ پروجیکٹ آئی ورک فار سندھ نے آٹو سی وی کریکٹر سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے امیدوار اپنے پیشہ ورانہ پروفائل کو منظم انداز میں پیش کرنے کے لئے سی وی تیار کر سکتے ہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نوجوانوں کو ملازمت کے لئے بہتر انداز میں درخواست دینے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت روزگار کے مواقع، مہارتوں، پیشہ ورانہ تربیت اور کیریئر گائیڈنس کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ پلیٹ فارم پر 718 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں اور اس وقت 21 ہزار 233 فعال ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہیں، جبکہ پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 4 لاکھ 71 ہزار سے زائد ملازمتوں کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔