کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نچلی سطح پر نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور کھلاڑیوں میں مقابلے کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے انٹر ڈسٹر کٹ اور ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ، مقابلے آئندہ ماہ شروع ہونگے، پی ایچ ایف کے ذرائع نے جنگ کو بتا یا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کا دورانیہ دو ماہ سے زیادہ ہوگا، ٹور نامنٹ دو مرحلے پر مشتمل ہوگا جس کے پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ اور دوسرے مرحلے میں ڈویژن کی سطح پر مقابلے ہونگے، ڈسٹرکٹ کے مقابلے ملک کے مختلف شہروں میں کرائے جائیں گے جس کی دو ٹاپ ٹیمیں ڈویژن کے ایونٹس میں کوالیفائی کریں گی، ڈویژن کے مقابلے ہر صوبے میں ہونگے جس میں ڈسٹرکٹ ایونٹس کی دوٹاپ ٹیموں کو رسائی ملے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈویژن ایونٹس سے تین ٹیموں کے درمیان آل پاکستان ٹور نامنٹ کرایا جائے گا جو لاہور میں ہوگا۔ آل پاکستان ٹور نامنٹ میں مجموعی طور پر20 ٹیموں کی شرکت متوقع ہے، پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ اس ٹور نامنٹ سے ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی سطح پر کلبوں کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس سال کے آخر میں اسکولز لیول پر بھی ہر شہر میں ان کی صوبائی ایسوسی ایشنوں کی مدد سے ٹورنامنٹ کرانے کی تیاری شروع کردی ہے جس کے بعد ہر شہر کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان آل پاکستان انٹر اسکولز ہاکی ٹورنامنٹ کرایا جائے گا، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بین الصوبائی ہاکی چیمپئن شپ کو بھی آئندہ سال سے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کو رواں سال کے آ خر تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔