وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین کے وزیرخارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے بحرین کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان و بحرین کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی روابط پر قائم ہیں۔ انھوں نے اس موقع پر پاکستان اور بحرین کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے بحرین کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور رابطہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کی تعریف کی۔