پاکستانی اداکارہ صنم سعید کینسر اسپتال کے لیے منعقدہ فنڈ ریزنگ تقریب میں اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔
صنم سعید کا شمار پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ اپنی اداکاری، پُروقار شخصیت اور بے باک خیالات کے باعث مداحوں میں مقبول ہیں، اداکارہ کی والدہ چند سال قبل چھاتی کے سرطان کے باعث انتقال کر گئی تھیں، جس کا دکھ آج بھی ان کے لیے تکلیف دہ ہے۔
اداکارہ نے اپنی والدہ کی بیماری کے دوران ان کی دیکھ بھال کی اور زندگی کے آخری ایام میں ان کے ساتھ رہیں۔
حال ہی میں اسپتال کے لیے دبئی میں منعقدہ فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنی والدہ کی بیماری اور ان سے جڑی یادوں کا ذکر کیا تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور رو پڑیں۔
صنم سعید نے کہا ہے کہ ان یادوں کو دوبارہ بیان کرنا میرے لیے آسان نہیں، تاہم انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ کینسر کے مریضوں کے علاج اور اس مقصد کے لیے عطیات دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔