بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف پر بچے کی پیدائش کے بعد وزن بڑھنے پر تنقید کے بعد ساتھی اداکاروں کی جانب سے ان کے دفاع کا سلسلہ جاری ہے، ہندی فلموں اور ٹیلی ویژن کی اداکارہ رادھیکا مدن نے کترینہ سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عورت ہونے کی وجہ سے ہی ظاہری شکل و صورت کے حوالے سے مسلسل فیصلوں اور تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ خود بھی جسمانی ساخت پر تنقید کا نشانہ بن چکی ہیں۔
دلی سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ رادھیکا نے رادھیکا نے بتایا کہ فلم پٹاخہ (2018) کے لیے میرا وزن 15 کلوگرام بڑھ گیا تھا، جسے میں بعد میں آنے والی فلموں شدت اور انگریزی میڈیم کے دوران کم کر رہی تھی۔ مجھے کہا گیا کہ میں بہت موٹی ہوں، یہ ہیروئن کیسے بنے گی؟ میں مسلسل وزن کم کرتی رہی اور لگاتار فلموں کی شوٹنگ میں مصروف رہی، یہاں تک کہ میرا جسم ہڈیوں کا ڈھانچہ بن کر رہ گیا۔ جس کا میری صحت پر اثر پڑنے لگا، اس لیے میں نے کچھ وقت کے لیے کام سے وقفہ لے لیا۔
رادھیکا نے کہا کہ اپنی زندگی میں اصل اہمیت رکھنے والی چیزوں کا احساس ہونے کے بعد میری سوچ بدل گئی، پہلے میں بہت موٹی تھی اور اب بہت زیادہ دبلی ہو چکی تھی، جبکہ ان دونوں حالتوں کے درمیان میں کہیں بھی نہیں تھی۔ میں نے خود سے سوال کیا کہ میں لوگوں کو خوش کرنے کی کوشش کیوں کر رہی ہوں، جب کہ وہ کبھی خوش نہیں ہوں گے؟
انھوں نے کہا کہ اس کے بعد میں نے جسم کے کسی مخصوص سائز کے پیچھے بھاگنے کے بجائے صحت مند محسوس کرنے پر توجہ دینا شروع کر دی۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو دوسروں کی رائے آپ کو متاثر نہیں کرتی، کیونکہ آپ کی سوچ میں پختگی آ جاتی ہے۔ آپ نہیں جانتے کہ تنقید کرنے والے کن احساس کمتری کا شکار ہیں، لیکن مجھے یہ اطمینان ہے کہ اب میری توجہ صحت پر ہے۔
انھوں نے کہا آج کے دور میں سوشل میڈیا سے توثیق اور پذیرائی کی خواہش رکھنے والی نوجوان لڑکیوں کو ایسی باتوں کو نظر انداز کرنا چاہیے، اس وقت ایسا کرنا آسان نہیں ہوتا، کیونکہ ہمارے ذہنوں میں خوب صورتی کا ایک مصنوعی تصور بٹھا دیا گیا ہے۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ خود کو قبول کرنے کا سفر طویل، الجھا ہوا اور غیر یقینی کیفیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ لیکن خود کو پہچاننے، اپنی بنیاد تلاش کرنے اور اپنی ذات کو سمجھنے کے اس سفر پر گامزن رہیں۔ اس کا آغاز خود کو قبول کرنے سے کریں، کیونکہ آپ برف کے ایک منفرد گالے کی طرح ہیں، جس کی اپنی الگ پہچان اور انفرادیت ہوتی ہے۔