اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت اجلاس میں سابق ارکان قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک، چوہدری منیر اظہر اور چوہدری محمد اشرف سمیت دیگر مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
پاکستان آرمی کے تربیتی طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والے اہلکاروں، افواجِ پاکستان کے شہداء، پولیس اہلکاروں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید ہونے والے شہریوں کے لیے بھی دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب خیبر پختونخوا میں ایمر جنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ محمود بشیر ورک اڑھائی سال آپ کے ساتھی رہے وہ دنیا سے چلے گئے آپ کو سیاست کی پڑی ہے۔
اس دوران بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ رکن اسمبلی کی وفات پر دعا کے لیے اجلاس ملتوی کردیا جاتا ہے۔ 11 اکتوبر کو اس ایوان کا بھی جنازہ نکل چکا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس روایت کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ ہم اس وقت محمود بشیر ورک کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات میں بہت کچھ دیا لیکن آپ تیار نہیں تھے۔
اجلاس کے دوران بہاولپور سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی منیر اقبال چنڑ نے حلف اٹھایا۔
بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔