• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم سن بیٹے کی المناک موت نے مجھے تبدیل کر دیا: ببرک شاہ

ببرک شاہ—اسکرین گریب
ببرک شاہ—اسکرین گریب

پاکستانی معروف اداکار ببرک شاہ نے اپنے کم سن بیٹے کی المناک موت اور اس سانحے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

حال ہی میں ببرک شاہ نے نجی فیشن میگزین کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے بیٹے کی موت کے المناک واقعے اور اس کے بعد اپنی زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

اداکار نے بتایا کہ میرے بیٹے کے حوالے سے ایک بہت عجیب بات ہے، جب میری اہلیہ چوتھی مرتبہ حاملہ تھیں تو وہ بہت زیادہ پانی پیتی تھیں اور برف بھی بہت کھاتی تھیں، حیرت انگیز طور پر میرا چوتھا بیٹا ڈوبنے کے واقعے میں انتقال کر گیا، اس کے علاوہ وہ 21 رمضان کو پیدا ہوا تھا اور جب وہ دنیا سے رخصت ہوا تب بھی رمضان کا مہینہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پھر آہستہ آہستہ میں نے اس صدمے پر صبر کرنا سیکھ لیا اور یہ حقیقت قبول کی کہ اللّٰہ تعالیٰ نے جو کچھ ہمیں عطاء کیا ہے، وہ اسی کی امانت ہے، عام طور پر اولاد اپنے والدین کو دفناتی ہے لیکن اس مرتبہ مجھے اپنے بیٹے کو دفنانا پڑا، کیونکہ والدین ہمیشہ یہی چاہتے ہیں کہ ان کی اولاد ان سے پہلے دنیا سے رخصت نہ ہو، میرا بیٹا بہت ذہین تھا۔

ببرک شاہ کے مطابق بیٹے کی وفات کے بعد میں 6 ماہ تک گھر سے باہر نہیں نکلا، یہ میری زندگی کا ایک اور بڑا صدمہ تھا، جس سے مجھے خود کو سنبھالنا پڑا، یہی وجہ ہے کہ میں نے ایک مرتبہ شو میں کہا تھا کہ میں کندن سونا ہوں، مجھے بدلنا آسان نہیں۔

اپنی شخصیت میں مزاح کا پہلو پیدا ہونے کی وجہ بیان کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ یہ دراصل اپنی اہلیہ کے غم کو کم کرنے کی میری ایک کوشش تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی اہلیہ کی دکھ سے توجہ ہٹانے کے لیے مزاحیہ انداز اپنایا، گھر میں مختلف مزاحیہ حرکتیں کرتا تھا تاکہ ان کا دھیان بٹ سکے، کیونکہ وہ رات کے وقت اپنے کمرے میں اکیلی بیٹھ کر رویا کرتی تھیں۔

ببرک شاہ نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ زندگی میں ہر شخص کو اپنے حصے کے دکھ اور آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم صبر ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2022ء میں ببرک شاہ کو اس وقت شدید صدمے کا سامنا کرنا پڑا، جب لاہور میں ان کی رہائشی سوسائٹی میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے کے دوران ان کے سب سے چھوٹے بیٹے زاویار شاہ کی ڈوبنے سے موت واقع ہو گئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید