پاکستانی فلم اداکار ببرک شاہ نے ریئلٹی شو تماشا سیزن 5 میں اپنی نجی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ اہلیہ میری تیسری بیوی ہیں۔
ببرک شاہ نے بتایا کہ اس سے قبل میں دو بار محبت کی شادی کرچکا تھا، تاہم دونوں شادیاں کامیاب نہ ہوسکیں اور طلاق پر ختم ہوگئیں۔
اداکار کے مطابق میری موجودہ اہلیہ سے ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ میری مداح تھیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ شادی روایتی معنوں میں محبت کی شادی نہیں تھی، تاہم میں انہیں پسند کرنے لگا اور صرف 14 روز کے اندر ان سے شادی کرلی۔
ببرک شاہ نے بتایا کہ موجودہ اہلیہ سے ہمارے 4 بچے ہیں، جن میں سے 3 حیات ہیں، جبکہ ایک بیٹے کو حادثاتی طور پر ڈوبنے کے باعث کھو دیا تھا۔
اداکار نے اپنی ازدواجی زندگی کے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات انسان کسی شخص کو برسوں جاننے کے بعد شادی کرتا ہے لیکن ایک سال کے اندر طلاق ہوجاتی ہے، جبکہ کبھی صرف 14 دن میں شادی کرنے والا رشتہ طویل عرصے تک قائم رہتا ہے۔
ببرک شاہ ماضی میں متعدد اداکاراؤں کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے بھی خبروں میں رہے ہیں۔
ان کا نام اداکارہ وینا ملک کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا، جبکہ انہوں نے بھارت میں بھی کام کیا اور ایک بھارتی اداکارہ سے شادی کے قریب پہنچنے کا انکشاف بھی ماضی میں کیا تھا۔