’’عالمی یومِ انسدادِ پولیو‘‘، جو گزشتہ روز( 24 اکتوبر کو) دنیا بھر میں منایا گیا، محض تاریخ کا ایک رسمی صفحہ نہیں بلکہ ایک خطرناک بیماری کے خلاف انسانی تاریخ کی سب سے بڑی اور مشکل ترین عالمی صحت مہم کی یاد دہانی بھی ہے۔ ایک وقت وہ بھی تھا، جب پولیو نے دنیا بھر میں بڑی تعداد میں معصوم بچّوں کو عُمر بھر کی معذوری سے دوچار کیا۔
طب کی ترقّی اور ویکسین کی بدولت آج دنیا کے تقریباً تمام ممالک پولیو کے شکنجے سے نجات حاصل کر چکے ہیں۔ تاہم، پاکستان کے لیے 24 اکتوبر کا دن محض ایک گزر جانے والا عالمی دن نہیں، بلکہ ایک قومی سوال بھی ہےکہ ’’کیا ہم کام یابی کی دہلیز تک پہنچ چکے اور آخری، نازک ترین ہدف حاصل کر سکتے ہیں؟‘‘ واضح رہے، پولیو وائرس اب صرف پاکستان اور افغانستان میں رہ گیا ہے، اس لیے پاکستان کی کام یابی ہی درحقیقت عالمی سطح پر پولیو کے مکمل خاتمے کی حتمی کام یابی ہوگی۔
پاکستان نے پولیو کے خلاف ایک انتہائی صبر آزما اور غیر معمولی سفر طے کیا۔ 1990 ءکی دہائی کے آغاز میں ملک میں سالانہ اندازاً 20 ہزار کیسز رپورٹ ہوتے تھے، جب کہ 2024 ءمیں یہ تعداد کم ہو کر 74 اور 2025 ءمیں 31 کیسز تک محدود ہو گئی۔ 2026 ء میں اکتوبر کے آغاز تک محض چھے کیسز سامنے آئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین دہائیوں کے دوران کیسز میں تقریباً 99.8 فی صد کمی آئی ہے۔ بلاشبہ یہ ایک بہت بڑی کام یابی ہے، مگر پولیو کے خاتمے کی جنگ میں اُس گزرے ہوئے دن کے حوالے سے ایک بنیادی اور تلخ حقیقت کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔
ایک بھی مقامی کیس اس بات کا بین ثبوت ہے کہ وائرس کی خاموش منتقلی ابھی مکمل طور پر رکی نہیں ہے۔ پاکستان نے اس عالمی مقصد کے حصول کے لیے ایک وسیع، منظّم قومی ڈھانچا قائم کیا ہے، جس کے تحت لاکھوں بچّوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاتے ہیں، ماحولیاتی نگرانی کے ذریعے سیوریج کے نمونوں میں وائرس کا کھوج لگایا جاتا ہے، مشتبہ فالج کے کیسز کی سخت مانیٹرنگ کی جاتی ہے اور جدید جینیاتی تجزیے سے وائرس کے سفری راستوں کا سراغ لگایا جاتا ہے۔ 2026ء کی مہمات میں کروڑوں بچّوں تک پہنچنے کا باقاعدہ ہدف مقرر کیا گیا۔
ستمبر کی ذیلی قومی مہم میں 115 اضلاع کے تین کروڑ دس لاکھ سے زائدبچّوں کو قطرے پلانے کا منصوبہ بنایا گیا،جب کہ اس تمام تر محنت اور وسیع نظام کے باوجود اصل امتحان صرف ہدف کی تعداد حاصل کرنا نہیں بلکہ مہم کا معیار، درست نشان دہی اور آخری بچّے تک پولیو ورکرز اور قطروں کی مؤثر رسائی ہے۔
پولیو مہمات کے ایک انتہائی بنیادی ، باریک مسئلے کو سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کاغذات اور ڈیٹا کی حد تک 95 یا 99 فی صد کوریج حاصل کرنا اور میدانِ عمل میں ہر بچّے کو ویکسین کی خوراک مل جانا دو بالکل مختلف باتیں ہو سکتی ہیں۔ کسی گھر کا مقفّل ہونا، بچّے کا گھر سے باہر ہونا، خاندان کا عارضی نقل مکانی کر جانا، پولیو ٹیم کا موقع پر نہ پہنچ پانا، والدین کا انکار یا ریکارڈ میں انسانی غلطی یہ تمام وہ بنیادی وجوہ ہیں، جن کے باعث بچّے قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت نے 2026 ءمیں پاکستان کے حوالے سے ضلعی سطح پر مہم کے معیار میں واضح فرق، آپریشنل خامیوں اور سکیوریٹی مشکلات کی نشان دہی کی۔ جنوبی خیبر پختون خوا میں مختلف وجوہ کے باعث تقریباً ڈھائی لاکھ بچّوں تک رسائی متاثر ہونے کا ذکر بھی کیا گیا۔ لہٰذا، اب کام یابی کا معیار صرف پلائے گئے قطروں کی تعداد نہیں، رہ جانے والے ہر ایک بچّے کی درست شناخت اور اس تک دوبارہ رسائی ہونا چاہیے۔ اس ضمن میں چند اہم سوالات بھی ضرور پوچھنے چاہئیں کہ پولیو کے قطروں سے اب تک کتنے بچّے محروم رہ گئے اور کیوں؟۔
اگر کوئی بچّہ مہم کے دوران گھر پر موجود نہیں تھا تو اگلی مہم یا اگلے مرحلے میں اُس کا سراغ کیسے لگایا جائے؟ اگر کوئی خاندان ایک ضلعے سے دوسرے ضلعے نقل مکانی کر گیا، تو نئی جگہ اس کی ویکسی نیشن کی ضمانت کون دے گا؟ اگر والدین نے خدشات کی بنا پر انکار کیا تو خدشات دُور کرنے کے لیے کون سا موثرٔ، مثبت رابطہ قائم کیا جائے گا؟ اگر کسی سکیوریٹی خدشے کی وجہ سے ٹیمز علاقے میں نہ پہنچ سکیں، تو متبادل، ہنگامی حکمت عملی کیا ہوگی؟ یہی حقیقی سوالات ہیں، جو پولیو مہم کو ایک روایتی انتظامی سرگرمی سے، حقیقی وبائی کنٹرول کے عالمی سطح کے پروگرام میں تبدیل کرتے ہیں۔نیز،مائکرو پلاننگ اس پورے عمل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہر یونین کاؤنسل، گاؤں، بستی، کچّی آبادی، سرحدی راستے اور نقل مکانی کرنے والی آبادی کے بچّوں کی بالکل درست تعداد معلوم ہونی چاہیے۔
اگر ہمارا ابتدائی ہدف ہی غلط یا فرضی ہو گا تو کوریج کا فی صد بھی گمراہ کُن خطرناک ہو سکتا ہے۔ مقامی سطح کے اعداد و شمار کو محض کاغذات کی زینت بنانے یا اعلیٰ افسران تک رپورٹس بھیجنے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان کا استعمال اگلی مہم کی درست منصوبہ بندی، محروم رہ جانے والے بچّوں کی دوبارہ تلاش اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کیا جانا چاہیے۔
فیلڈ میں موجود کارکنان کے تجربات اور معلومات کو ضلعی انتظامیہ اور مرکزی پروگرام کے اعداد و شمار کے ساتھ مسلسل ٹیلی کرنا پولیو کے خاتمے کے لیے بےحد ضروری ہے۔ یاد رہے، پاکستان کا پیچیدہ، دشوار گزار جغرافیہ بھی اس مسئلے کو مزید مشکل بناتا ہے۔
ایک طرف بلند و بالا پہاڑی، برفانی علاقے ہیں تو دوسری طرف وسیع و عریض صحرائی نیم، صحرائی خطّے، کہیں سخت سکیوریٹی کے حامل سرحدی راستے ہیں تو کہیں بے ہنگم گنجان شہری آبادیاں۔ بلوچستان کا وسیع رقبہ خیبر پختون خوا کے جغرافیائی اور سکیوریٹی سے متاثرہ اضلاع، سندھ کے دور دراز دیہی و صحرائی علاقے، پنجاب کی گنجان ترین آبادیاں اور بڑے شہروں میں مسلسل ہونے والی اندرونی نقل مکانی کو یک ساں مہماتی طریقۂ کار سے حل نہیں کیا جا سکتا۔
ہر علاقے کے لیے وہاں کے مقامی جغرافیے، زبان، ثقافت، موسم، عوامی نقل و حرکت اور رسائی کے مسائل مدِنظر رکھتے ہوئے الگ حکمتِ عملی بنانا ہوگی۔ دیہی اور دور دراز علاقوں کے مسائل اپنی نوعیت کے ہوتے ہیں، جب کہ بڑے صنعتی و تجارتی شہروں کے چیلنجز بالکل مختلف۔ شہروں میں قائم کچی آبادیاں، عارضی جگہوں میں رہنے والے لوگ، روزگار کی تلاش میں روزانہ آنے والے خاندان اور مسلسل نقل مکانی کرنے والی آبادی بچّوں کی درست شناخت انتہائی مشکل بنا دیتی ہے۔
بعض خاندان دن کے وقت مزدوری یا کام کی وجہ سے گھروں میں نہیں ہوتے اور بعض کا کوئی مستقل پتا موجود نہیں ہوتا۔ ایسے پیچیدہ شہری ماحول میں محض گھر گھر مہم پر انحصار کی بجائے بس اڈّوں، ریلوے اسٹیشنز، شہر کے داخلی و خارجی راستوں، تجارتی منڈیوں اور عارضی بستیوں کے لیے ویکسی نیشن کی مربوط حکمت ِعملی تیار کرنا ضروری ہے۔ شہری پولیو کنٹرول کے لیے محکمۂ صحت، بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان بہترین رابطہ ہونا چاہیے۔
سکیوریٹی ایک ایسا سنگین چیلنج ہے ،جس نے اس قومی مہم کو بارہا متاثر کیا۔ پولیو ورکرز اکثر و بیش تر ایسے خطرناک اور دور دراز علاقوں میں جاتے ہیں، جہاں حکومت کی دیگر بنیادی خدمات بھی بمشکل پہنچتی ہیں۔ بعض اضلاع میں انہیں براہِ راست جانی خطرات، راستوں کی بندش، سکیوریٹی کلیئرنس کی تاخیر اور اچانک بدلتی امن و امان کی صورت ِحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر کسی حسّاس علاقے میں پولیو ٹیمزبار بار پہنچنے میں ناکام رہیں تو وہاں سے وائرس کے خاتمے کی توقع دیوانے کا خواب ہی ہوگا۔
اس لیے پولیو کو صرف محکمۂ صحت کی ذمّے داری سمجھنا غلط ہے، جہاں بھی سکیوریٹی کی رکاوٹ ہو، وہاں مقامی انتظامیہ، سکیوریٹی اداروں، مقامی سیاسی و مذہبی قیادت اور صحت کے حکام کو مل بیٹھ کر مشترکہ حل نکالنا ہو گا، تاکہ فرنٹ لائن عملے کی جان بھی محفوظ رہے اور ہر بچّے تک رسائی بھی ممکن ہو۔
پولیو ورکرز درحقیقت اس عظیم قومی کوشش کا سب سے اہم حصّہ ہیں، جن کی خدمات کو اکثر اوجھل رکھا جاتا ہے۔ کڑی دھوپ، شدید گرمی، بارش، سستے موسم، سخت سردی، طویل پیدل سفر، دشوار گزار پہاڑی راستوں اور بعض اوقات شدید عوامی بدسلوکی کے باوجود وہ اپنا فرض نبھاتے ہیں۔ اس عمل میں خواتین کارکنان بالخصوص قابلِ تحسین ہیں، جو ماؤں سے براہِ راست رابطہ کر کے ویکسین سے متعلق خاندان کا اعتماد بحال کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
ان ورکرز کے مسائل صرف معمولی معاوضے تک محدود نہیں ، انہیں بروقت اور شفاف طریقے سے رقم کی ادائی، مناسب پیشہ ورانہ تربیت، محفوظ کام کا ماحول، واضح ذمّے داریاں، سفری سہولتیں اور شکایات کے ازالے کا ایک مؤثر نظام درکار ہے۔ 2026 میں مہماتی کارکنوں کے وظیفے میں اضافہ بلاشبہ، ایک اچھا اقدام ہے، لیکن فرنٹ لائن عملے کے مسائل کا پائےدار حل ابھی باقی ہے، خصوصاً پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کا تعلق پروگرام کی مجموعی کارکردگی سے ہے۔
اگر ایک فیلڈ ورکر کو مسلسل مشکل ترین اور خطرناک علاقے میں بغیر کسی مناسب لاجسٹک سپورٹ، سکیوریٹی یا انتظامی مدد کے بھیج دیا جائے، تو صرف کاغذوں پر بڑے اہداف مقرر کر دینے سے مہم کا معیار کبھی بہتر نہیں ہو سکتا۔ فیلڈ میں کام کرنے والوں کے صحیح اور عملی تجربات سننا، ان کی پیش کردہ تجاویز کو مائکرو پلان کا حصّہ بنانا اور شان دار کارکردگی دکھانے والوں کی قومی سطح پر پذیرائی انتہائی ضروری ہے کہ ایک مضبوط، بااعتماد اور بااختیار فرنٹ لائن فورس ہی اس وائرس کے آخری بچّے تک پہنچنے کی ضامن بن سکتی ہے۔
عوامی اعتماد کا قیام پولیو کے خاتمے کا دوسرا سب سے بڑا اور بنیادی سُتون ہے۔ ویکسین کے حوالے سے مختلف قسم کی افواہیں، منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والے غیر طبّی اور من گھڑت دعوے بعض نادان یا سادہ لوح خاندانوں کے فیصلوں کو شدید متاثر کرتے ہیں۔ اس حساس معاملے کا حل والدین کو موردِ الزام ٹھہرانا یا ان کے ساتھ سختی ہرگز نہیں۔
اگر والدین یہ سوال پوچھتے ہیں کہ ان کے بچّے کو بار بار قطرے کیوں پلائے جا رہے ہیں، تو پولیو ورکر زکا کام ہےکہ وہ والدین کو طبّی انداز میں سمجھائیں کہ ہر اضافی خوراک بچّے کی قوتِ مدافعت مضبوط کرتی اور وائرس کے پھیلنے کا راستہ روکتی ہے۔ ڈاکٹرز، پولیو ورکرز، اساتذہ، علمائے کرام اور مقامی معتبر شخصیات کو ملا کر ایک مربوط کمیونٹی رابطہ قائم کرنا چاہیے۔
پولیو کے حتمی خاتمے کی جدوجہد میں ماحولیاتی نگرانی (Environmental Surveillance) بھی ایک فیصلہ کن ہتھیار کی حیثیت رکھتی ہے۔ انسانوں میں فالج کی علامات ظاہر ہونے سے کہیں پہلے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کا مل جانا خطرے کی گھنٹی ہے۔ اس لیے کسی بھی علاقے کے سیوریج سے مثبت ماحولیاتی نمونہ ملنے کو صرف ایک لیبارٹری رپورٹ نہیں، ایمرجینسی کارروائی کا پیغام سمجھنا چاہیے۔
ایسے علاقوں میں فوری طور پر خصوصی ویکسی نیشن مہمات، فعال کیسز تلاش کرنے کے اقدامات، معمول کی ویکسی نیشن کی بہتری اور صاف پانی و صفائی کے نظام پر توجہّ دی جانی چاہیے۔ ہماری ماحولیاتی مانیٹرنگ جتنی زیادہ حساس، وسیع اور بروقت ہو گی، ہم وائرس کی خاموش گردش کو اتنی ہی جلدی پکڑ کر ختم کرنے میں کام یاب ہوں گے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہزاروں کلومیٹر طویل سرحد اور اس پر ہونے والی روزمرّہ کی بے ہنگم نقل و حرکت ایک مسلسل وبائی چیلنج ہے۔
دنیا بھر میں صرف ان دو پڑوسی ممالک میں پولیو وائرس کی موجودگی کا مطلب یہ ہے کہ ایک ملک میں ہونے والی معمولی سی غفلت دوسرے ملک کی تمام کام یابیوں کو سیکنڈز میں تباہ کر سکتی ہے۔ سرحدی علاقوں میں رہنے والی آبادیوں، مہاجرین اور سرحد کے آر پار آنے جانے والے خاندانوں کے بچّوں کے لیے ویکسین کی فراہمی دونوں ممالک کی جانب سے یک ساں اور مربوط ہونی چاہیے۔ سرحد پر قائم تمام آمد و رفت کے پوائنٹس پر ویکسی نیشن کا موثر نظام، مشترکہ مانیٹرنگ اور فوری معلومات کا تبادلہ لازمی ہے۔
وائرس کسی سیاسی، جغرافیائی یا انتظامی سرحد تسلیم نہیں کرتا، اس لیے اس کے خلاف ہماری حکمتِ عملی بھی جغرافیائی حدود میں قید نہیں ہونی چاہیے۔پاکستان کے لیے ایک اور اہم مرحلہ یہ ہے کہ وہ پولیو کے خلاف اپنی قومی کام یابی کو محض اوسط اعداد و شمار سے ماپنے کے بجائے مقامی جغرافیائی حقائق کی کسوٹی پر پرکھے۔ اگر قومی سطح پر کیسز کی تعداد مسلسل گر رہی ہے، لیکن کسی ایک مخصوص ضلعے میں وائرس کا ماحولیاتی نمونہ بار بار مثبت آ رہا ہو، تو اس مخصوص علاقے کے لیے ایک بالکل ہنگامی اور منفرد حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔
تمام 150 سے زائد اضلاع کو ایک ہی لاٹھی سے نہیں ہانکا جا سکتا۔ کسی ضلعے میں مسئلہ سکیوریٹی کا ہے، کہیں عارضی نقل مکانی کا، کہیں والدین کے انکار کا، کہیں ناقص انتظامیہ کا اور کہیں جغرافیائی رسائی کا۔ ایک کام یاب اور دانش مندانہ پروگرام وہی ہو گا، جو ہر ضلعے کے مسئلے کی اصل جڑ پہچان کر اس کے مطابق مقامی حل تجویز کرے۔
اس قومی پروگرام میں ایک بنیادی اور شفّاف اصلاح یہ ہونی چاہیے کہ مہم کے اختتام پر صرف کام یابی کے بلند بانگ دعوے اور رسمی اعلانات نہ کیے جائیںبلکہ ایک آزادانہ اور غیر جانب دارانہ بعد از مہم جائزہ (Post-Campaign Evaluation) قانوناً لازمی قرار دیا جائے۔ اس جائزے میں مختلف دور دراز اور حسّاس علاقوں سے بے ترتیب نمونے (Random Samples) لے کر اس امر کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے کہ درحقیقت کتنے بچّوں کو قطرے ملے، کتنے گھروں پر غلط نشانات لگائے گئے، کتنے بچّے گھروں میں ہوتے ہوئے بھی محروم رہے اور کتنے خاندانوں کا انکار ریکارڈ میں چھپایا گیا۔
ایسے خودمختار جائزے کے صحیح نتائج کو اگلی مہم کے مائکرو پلان میں بلا جھجک استعمال کیا جانا چاہیے۔ مزید برآں، مقامی حکومتوں، اسکولز، پرائیویٹ اسپتالوں اور سول سوسائٹیز کو بھی اس مہم میں باقاعدہ جواب دہ بنایا جائے۔اس نازک موڑ پر سیاسی اتحاد، مسلسل عزم اور انتظامی تسلسل کی اشد ضرورت ہے۔ پولیوصحت کا ایک ایسا پیچیدہ مسئلہ ہے، جس میں دو مہمات کے درمیانی وقفے کا کام مہم کے دنوں سے زیادہ اہم ہوتا ہے۔
مہم ختم ہونے کے بعد ڈیٹا کا باریک بینی سے تجزیہ، قطروں سے محروم رہ جانے والے بچّوں کی دوبارہ تلاش، مثبت ماحولیاتی نمونوں والے اضلاع میں ہنگامی ردِعمل، مشتبہ فالج کے کیسز کی فوری رپورٹنگ اور معمول کی ویکسی نیشن کو سال کے 365 دن جاری رکھنا۔ وفاقی حکومت، تمام صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان باہمی اعتماد، ذمّے داریوں کا تعیّن اور بروقت ڈیٹا کی منتقلی ہی اس انتظامی تسلسل کو مضبوط بنا سکتی ہے۔
پاکستان اس وقت پولیو کی تاریخ کے اُس نازک موڑ پر کھڑا ہے، جہاں ہماری سب سے بڑی دشمن ہماری اپنی سستی، غفلت یا قبل از وقت اطمینان بن سکتی ہے۔ 2024 ء میں 74 ، 2025 ءمیں 31 اور 2026 ءمیں اب تک محض چھے کیسز تک کا سفریقیناً ایک ناقابلِ یقین قومی پیش رفت کی گواہی ہے، لیکن یہ سفر پہلے سے کہیں زیادہ محتاط اور بےدار رہنے کا تقاضا کرتا ہے۔
پولیو وائرس انتہائی خطرناک ہے، یہ کسی ایک بچّے، ایک گلی یا ایک صوبے تک محدود نہیں رہتا۔ اگر ایک چھوٹے سے علاقے میں بھی وائرس زندہ رہ گیا تو وہ انسانوں کی نقل و حرکت کے ذریعے ملک کے دیگر تمام وائرس سےپاک علاقوں میں دوبارہ پھیل سکتا ہے۔
لہٰذا، کم کیسز کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہم اپنی محنت کم کر دیں بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنی کوششوں کو پہلے سے زیادہ تیز، درست اور ہدف پر مرکوز بنا دیں۔ ہمیں بطور ریاست اور معاشرہ حتمی طور پر یہ طے کرنا ہو گا کہ ملک کا کوئی بھی معصوم بچّہ صرف اس وجہ سے پولیو کا شکار ہو کر معذور ہوجائے کہ ہماری ٹیم اس کے در تک نہیں پہنچ سکی، اس کا خاندان اچانک نقل مکانی کر گیا، علاقہ سخت دشوار گزار تھا، والدین کسی افواہ کا شکار ہو گئے یا پھر ہمارے مقامی ریکاڈ میں کوئی خرابی تھی۔ مہم سے محروم رہ جانے والا ہر ایک بچّہ اگلی مہم کی سب سے پہلی ترجیح بننا چاہیے اور سیوریج میں ملنے والا ہر مثبت وائرس فوری اور تیز ترین ہنگامی کارروائی کا سبب بننا چاہیے۔
پولیو کے خلاف یہ تاریخی جنگ اب صرف ویکسین کے دو قطرے پلانے کی سادہ مہم نہیں رہی، یہ درست معلومات کی فراہمی، سائنسی و جدید مانیٹرنگ، فرنٹ لائن ورکرز کی مکمل حفاظت، بہترین انتظامی کنٹرول، مقامی برادریوں کی متحرک شراکت داری اور ایک مضبوط قومی نظامِ صحت کی ہمہ گیر جنگ بن چکی ہے۔
پاکستان کے عوام، پولیو ورکرز اور صحت کے اداروں نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ اگر قومی جذبہ اور مسلسل جدوجہد موجود ہو تو سالانہ 20 ہزار کیسز کو صفر کے قریب لایا جا سکتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم دنیا کے سامنے یہ آخری اور حتمی حقیقت بھی ثابت کر دکھائیں کہ ہم اس وائرس کی آخری رمق اور منتقلی کو بھی ہمیشہ کے لیے دفن کر سکتے ہیں۔
ایک مکمل طور پر پولیو فری پاکستان کا خواب اس وقت تک پوری طرح سے شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا، جب تک ہماری قومی ترجیح صرف زیادہ سے زیادہ بچّوں کو قطرے پلانے کا کاغذی ہدف پورا کرنا نہ رہے بلکہ ہر اس آخری اور تنہا بچّے تک پہنچنا بن جائے، جو کسی بھی وجہ سے، کہیں بھی ہماری اس مہم سے محروم رہ گیا ہو۔ ہمیں یہ بات اپنے ذہنوں میں نقش کر لینی چاہیے کہ آخری بچّے تک رسائی ہی درحقیقت ہماری آخری وائرس تک رسائی ہے اور اس کا مکمل خاتمہ ہی وہ واحد راستہ ہے، جس سے پاکستان حقیقی معنوں میں ایک پولیوفِری، صحت مند اور سر اٹھا کر جینے والا ملک بن سکے گا۔
(مضمون نگار ،پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ اور چیف میڈیکل آفیسر، محکمۂ صحت سندھ ہیں )