معروف اے آئی کمپنی اینتھروپک نے انسانی رائٹر کی خدمات حاصل کرنے کے لیے سالانہ کروڑوں روپے تک تنخواہ دینے کی پیشکش کر دی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک ایسی کمپنی جس نے ایسا اے آئی نظام تیار کیا ہے جو مضامین، تقاریر اور دیگر تحریری مواد تیار کر سکتا ہے لیکن اعلیٰ سطح کی ابلاغی حکمتِ عملی کے لیے اسے تجربے کار انسانی رائٹر درکار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینتھروپک نے ایگزیکٹیو کمیونیکیشنز رائٹر کی اسامی کے لیے سالانہ 2 لاکھ 95 ہزار سے 3 لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالرز تنخواہ دینے کی پیشکش کی ہے، یہ ملازمت امریکا کے شہر سان فرانسسکو میں ہے جب کہ کمپنی کی جاب لسٹنگ میں نیویارک کا دفتر بھی درج ہے۔
رپورٹ کے مطابق منتخب امیدوار کو کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مل کر تقاریر، بیانات اور دیگر اہم تحریری مواد تیار کرنا ہو گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امیدوار سے یہ توقع کی جائے گی کہ وہ پیچیدہ اے آئی تحقیق اور تکنیکی معلومات کو مؤثر انداز میں بیان کرے، کمپنی کی قیادت کے خیالات کو واضح اور قابلِ فہم پیغام میں ڈھالے، اہم تقریبات کے لیے تحریری مواد تیار کرے اور موقع پر معاونت فراہم کرے۔
رپورٹ کے مطابق امیدوار سے یہ توقع بھی کی جائے گی کہ وہ اچانک پیش آنے والے واقعات اور بریکنگ نیوز پر کمپنی کے ردِعمل کی تیاری میں حصہ لے، بیرونی ابلاغی ٹیم اور متعلقہ ماہرین کے ساتھ مل کر کام کرے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کو ایسے امیدوار کی تلاش ہے جس کے پاس اعلیٰ سطح کی تحریر یا ایگزیکٹیو کمیونیکیشنز کے شعبے میں کم از کم 8 سال کا تجربہ ہو۔
رپورٹ کے مطابق بہترین تحریری صلاحیت، پیچیدہ موضوعات کو تیزی سے سمجھنے، دباؤ میں درست فیصلے کرنے اور غیر یقینی صورتِ حال میں مؤثر انداز سے کام کرنے کی صلاحیت بھی اہم شرائط میں شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امیدوار کو محض اچھا لکھاری ہونے کے بجائے حکمتِ عملی کے ساتھ سوچنے اور کمپنی کی قیادت کو مؤثر ابلاغ میں معاونت فراہم کرنے کے قابل بھی ہونا چاہیے۔
اے آئی کمپنی کی جانب سے انسانی رائٹر کی خدمات حاصل کرنے کے لیے کی گئی اس پیشکش نے یہ بحث دوبارہ چھیڑ دی ہے کہ اگرچہ اے آئی چند لمحوں میں مضامین، تقاریر اور دیگر تحریری مواد تیار کر سکتی ہے، لیکن پیچیدہ معاملات کی تفہیم، درست فیصلے، تخلیقی زاویۂ نظر اور ادارے کے پیغام کو حکمتِ عملی کے ساتھ پیش کرنے کے لیے انسانی مہارت اب بھی اہم سمجھی جاتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے اس اسامی کے لیے بھاری تنخواہ کی پیشکش ظاہر کرتی ہے کہ تجربے کار رائٹرز سے توقعات اب صرف مواد تیار کرنے تک محدود نہیں رہیں، بلکہ انہیں ادارے کی قیادت کے ساتھ مل کر مؤثر ابلاغی حکمتِ عملی بنانے میں بھی کردار ادا کرنا ہو گا۔