پاکستان نے چین کی 'ون چائنا پالیسی' کی تائید کرتے ہوئے تائیوان کی ائیر لائنز کے لیے اپنی فضائی حدود مکمل طور پر بند کرنے کے بعد فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے پروازوں کو پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دے دی۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی سو ل ایوی ایشن اتھارٹی نے تائیوان کی ائیر لائنز ایوا ائیرویز کارپوریشن اور چائنا ائیرلائنز لمیٹڈ کو 28 اکتوبر سے 27 مارچ تک پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
اس سے قبل 'بلومبرگ نیوز' سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بتایا تھا کہ ’ہماری ایوی ایشن ڈویژن 'ون چائنا پالیسی' پر عمل پیرا ہے جس کے تحت صرف مین لینڈ چائنہ کو اجازت ہے۔ ہم نے صرف چینی ائیر لائنز کو پاکستان کے اوپر سے پرواز کرنے کی اجازت دی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف چینی فضائی کمپنیوں کو پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دی ہے۔
بلومبرگ نے فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’فلائٹ ریڈار 24‘ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ چائنا ایئر لائنز لمیٹڈ اور ایوا ایئر ویز کارپوریشن کے طیارے 25 اکتوبر کی صبح سے پاکستان کی فضائی حدود سے نہیں گزرے۔
رپورٹ کے مطابق اتوار سے ایشیاء اور یورپ کے درمیان ان دونوں فضائی کمپنیوں کی کم از کم 12 پروازوں نے پاکستان کے بجائے روسی فضائی حدود استعمال کی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان متعدد مواقع پر تائیوان کے معاملے پر بیجنگ کے مؤقف کی حمایت کر چکا ہے اور عالمی اداروں، بشمول عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) میں تائیوان کی شرکت کی مخالفت کرتا رہا ہے۔
پاکستان اور تائیوانی حکومت کے درمیان1951ء سے سرکاری تعلقات منقطع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چینی اور تائیوانی وزرائے خارجہ نے اس حوالے سے تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔