گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے برطانوی حکومت سے کہ وہ بھی مسئلہ کشمیر پر ایک فریق کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کا فرض بنتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کو مجبور کرے کہ وہ اپنی ہی منظور کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔ گلاسگو میں پاکستان مسلم لیگ ن سکاٹ لینڈ کے صدر امین مرزا کی طرف سے اپنی رہائش گاہ پر دی گئی ایک دعوت سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے 60سے زیادہ افراد کو شہید، 5ہزار کو زخمی کردیا ہے، بے شمار افراد کی بینائی گولیاں لگنے سے جاری رہی ہے، کشمیر کی تحریک مکمل طور پر ان کی اپنی اور اندرونی ہے پاکستان ان کو صرف سیاسی اور سفارتی محاذ پر سپورٹ کرتا ہے۔ وزیرریلوے نے اپنی وزارت کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ریلوے کی سالانہ آمدنی 18ارب 6کروڑ تھی جوکہ تین سالوں میں دوگنا بڑھ کر اب 36ارب ہوگئی، خسارہ 32ارب سے کم ہوکر 27ارب ہوگیا ہے اور ہرسال مزید کم ہورہا ہے، کرائے کم کئے ہیں لیکن آمدنی بڑھی ہے ایک بارہ سالہ منصوبہ تیار کیا ہے جس پر اگر عمل جاری رہا تو یہ ایشیا کی بہترین سروسز میں شمار کی جائیگی۔ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان جہاں کوئی غیرملکی سرمایہ کار ایک ڈالر لگانے کو تیار نہ تھا چین نے ہمارے آنے کے بعد 45بلین پونڈ سے ایک میگا پراجیکٹ شروع کیا ہے جو ملک کی تقدیر بدل دیگا مجموعی طور پر چین کا پراجیکٹ 5سال کا نہیں بلکہ 30سال کا ہے۔ سعد رفیق نے ملکی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2013ء کے الیکشن کے نتیجے میں تقریباً ہرپارٹی کسی نہ کسی صورت میں برسراقتدار ہے سبھی کو چاہیے کہ وہ عوام اور ملک کی خدمت میں ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی کوشش کریں اور اپنی بہتر کارکردگی کی بنا پر آئندہ الیکشن میں حصہ لیں، عوام منفی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، انہوں نے آزاد کشمیر کے حالیہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر دوبارہ اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، جمہوری نظام ایک فلٹر کا کام کرتا ہے، اس کا تسلسل ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن سکاٹ لینڈ کے صدر امین مرزا نے کہا کہ جب نواز شریف نے حکومت سنبھالی تو ملک تقریباً دیوالیہ ہونے کے نزدیک تھا، بین الاقوامی ادارے اور ایجنسیاں پاکستان کے متعلق نہایت منفی رائے دے رہے تھے، لیکن نوازشریف نے آکر ملک کی تقدیر بدل دی ہے، اگلے دو سالوں میں بجلی اور گیس کا بحران 80فیصد تک ختم ہوجائے گا، کونسلر شاہد فاروق نے کہا نوازشریف کے آنے کے بعد ملک میں امن و امان کی صورتحال میں ڈرامائی تبدیلیاں آئی ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف فوج اور سول حکومت نے کامیاب آپریشن کئے ہیں۔