24 گھنٹوں سے زائد تعطل کا شکار رہنے کے بعد مائیکرو سافٹ کی تمام سروسز اب مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں تاہم کاروباری سروسز کی نگرانی جاری ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مائیکرو سافٹ نے اعلان کیا ہے کہ ٹیمز، آؤٹ لک، کوپائلٹ اور دیگر ایپلی کیشنز کی سروسز مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں، تاہم مائیکرو سافٹ 365 کی کاروباری سروسز کی نگرانی اب بھی جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر 24 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے تعطل کے باعث دنیا بھر کے کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں میں آن لائن رابطوں کا نظام شدید متاثر ہوا، صارفین ای میل بھیجنے، کیلنڈر کا انتظام کرنے اور آن لائن اجلاس منعقد کرنے جیسی ضروری سہولتوں سے محروم رہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ای میل سروسز میں تعطل کے دوران جمع ہونے والے پیغامات کا بیک لاگ چیک کیا جارہا ہے، جس کے بعد ہی کاروباری سروسز کے مسئلے کو مکمل طور پر حل شدہ قرار دیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق تعطل کے سنگین اثرات کے پیشِ نظر طویل عرصے تک صورتحال کی نگرانی کی جائے گی تاکہ مزید اصلاحی اقدامات کی ضرورت کا جائزہ لیا جاسکے۔
مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ سروسز میں تعطل کی بنیادی وجہ دور کرنے کے لیے اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور باقی متاثرہ صارفین اور علاقوں میں بھی سروس بحال کردی گئی ہے۔
مائیکرو سافٹ نے سروسز میں معطلی پر معذرت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سروسز میں تعطل نیٹ ورک کی گنجائش بڑھانے کے لیے کیے گئے اپ گریڈ کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، جس سے مصنوعی ذہانت کا معاون کوپائلٹ بھی متاثر ہوا
مائیکرو سافٹ نے سائبر حملوں سے متعلق خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
مائیکرو سافٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی جانب سے ملک بھر میں پروازیں روکنے کے فیصلے کا مائیکرو سافٹ کی کسی سروس سے تعلق ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔