• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عشاء کی نماز کے بعد چار رکعات نفل سے متعلق حدیث کی تحقیق

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: محترم مفتی صاحب! میں نے ایک اخبار کے دینی صفحے میں پڑھا ہے کہ "رسول اللہﷺ نے عشاء کی نماز کے بعد گھر میں چار رکعات نفل نماز ادا فرمائی تھی۔ جو شخص بھی چار نفل نماز ادا کرے گا، اسے لیلۃ القدر کا ثواب ملے گا۔"میں اس حدیث کی سندی حیثیت معلوم کرنا چاہتا ہوں، کیا آپ یہ حدیث تلاش کرنے میں میری مدد کرسکتے ہیں؟

جواب: سوال میں ذکر کردہ روایت کا مضمون مختلف الفاظ کے ساتھ مختلف صحابۂ کرامؓ سے مروی ہے، ذیل میں چند روایات ذکر کی جاتی ہیں:

1. حضرت عبد اللہ بن عباس ؓارشاد فرماتے ہیں کہ میں نے اپنی خالہ حضرت میمونہؓ کے گھر رات گزاری تو (میں نے دیکھا کہ) رسول اللہﷺ نے عشاء کی نماز پڑھی، پھر آپ ﷺ تشریف لائے اور آپ نے چار رکعات پڑھیں، پھر آپ ﷺ سوگئے۔ (صحيح البخاری، ج:1، ص:247، ط:دار ابن كثير)

2. حضرت براء بن عازبؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے ظہر سے پہلے چار رکعات پڑھیں گویا کہ اس نے اس رات تہجد کی چار رکعات پڑھیں، جس نے عشاء کے بعد چار رکعات پڑھیں، گویا اس نے لیلۃ القدر میں چار رکعات پڑھیں۔ (المعجم الأوسط للطبرانی، ج:6، ص:254، ط:دار الحرمین)

اس روایت کا حکم: اس حدیث کو ربیع بن لوط سے صرف عمار ابو ہاشم نے روایت کیا ہے، اور ناہض بن سالم اس روایت میں منفرد ہیں۔(طبرانی) امام ہیثمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’فِيهِ نَاهِضُ بْنُ سَالِمٍ الْبَاهِلِيُّ وَغَيْرُهُ، وَلَمْ أَجِدْ مَنْ ذَكَرَهُمْ.‘‘ ترجمہ: اس سند میں ناہض بن سالم باہلی اور دیگر راوی ہیں، لیکن مجھے ان کے متعلق کسی کا ذکر نہیں ملا۔ (مجمع الزوائد)

3. حضرت عائشہؓ ارشاد فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺعشاء کی نماز کے بعد جب بھی گھر میں تشریف لاتے تو چار رکعات یا چھ رکعات نماز پڑھتے۔" (سنن ابو داؤد، کتاب الصّلاۃ، باب الصّلاۃ بعد العشاء، ج:1، ص:502، ط:المطبعۃ الأنصاريۃ، دہلی)

اس روایت کا حکم: علامہ شوکانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں: اس حدیث کے تمام راوی ثقہ ہیں اور حافظ ابن حبان نے مقاتل بن بشیر العجلی کی توثیق کی ہے۔ (نیل الأوطار)

4. حضرت عبد اللہ بن عمروؓ ارشاد فرماتے ہیں: جس نے عشاء کے بعد چار رکعات پڑھیں اس کا ثواب لیلۃ القدر میں چار رکعات پڑھنے کے برابر ہے۔" (مصنف ابن ابی شيبۃ، کتاب صلاۃ التطوع والامامۃ وأبواب متفرقۃ، ج:2، ص:127، ط:دار التاج)

اس روایت کا حکم: اس حدیث کی سند میں ایک ضعیف روای ہے، اس لیے اپنی سند کے اعتبار سے یہ روایت ضعیف ہے، لیکن یہ راوی متہم بالکذب نہیں ہے کہ فضائل کے باب میں اس کی روایت مطلقًا غیر معتبر ہو۔ (مجمع الزوائد)

خلاصہ یہ ہے کہ سائل نے سوال میں جو بات ذکر کی ہے، یہ دو روایات کا مجموعہ ہے، صحیح بخاری اور سنن ابی داؤد کی روایات سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ آپ ﷺ عشاء کے بعد چار رکعات نماز پڑھا کرتے تھے، اور آپ ﷺ کا یہ معمول صحیح سند سے ثابت ہے۔

البتہ ان چار رکعتوں کا ثواب لیلۃ القدر کی چار رکعات کے برابر ہونے کا ذکر جن روایات میں آیا ہے، وہ سند کے اعتبار سے ضعیف ہیں، حضرت عبد اللہ بن عمروؓ سے روایت کردہ مذکورہ روایت کے علاوہ بھی بعض دیگر موقوف روایات بھی مصنف ابن ابی شیبہ وغیرہ میں موجود ہیں، ان سب کے مجموعے کو مدِ نظر رکھا جائے تو فضائل کے باب میں یہ روایات قابلِ قبول ہیں۔

لہٰذا اگر کوئی شخص عشاء کے بعد ایک سلام کے ساتھ چار رکعات پڑھے تو اسے یہ فضیلت حاصل ہونے کی امید ہے۔

اقراء سے مزید