تفہیم المسائل
سوال یہ ہے : ’’حکومتِ پنجاب کے محکمۂ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ(ماہانہ 25,000/=روپے)کا شرعی حکم کیا ہے؟ ایک امام صاحب پورٹل پر ایک مخصوص رجسٹرڈ مسجد( (Geo-Tagged Mosque Code کے قائم مقام امام کے طور پر رجسٹرڈ ہوئے اور انہیں اعزازیہ کارڈ جاری ہوا، کچھ عرصے بعد وہ اس مسجد کو چھوڑ کر کسی دوسری غیر رجسٹرڈ مسجد منتقل ہو گئے یا امامت ترک کر دی۔
اُس کارڈ سے ماہانہ اعزازیہ بھی وصول کرتے ہیں اور دوسری مسجد سے ماہانہ وظیفہ بھی لیتے ہیں، کیا یہ عمل جائز ہے، کچھ ائمۂ کرام کاموقف ہے: لفظ اعزازیہ کا مطلب ہی انعام و اکرام ہے۔ یہ ائمہ کو ان کی سابقہ یا موجودہ دینی خدمات پر بطورِ انعام دیا گیا ہے۔
جب تک حکومت خود اسے باقاعدہ بند نہ کر دے، امام کے لیے اس کا استعمال شرعاً مطلقاً حلال اور جائز ہے؟(محمد عظیم ، چک سائیاں تحصیل منچن آباد، ضلع بہاولنگر پنجاب )‘‘ ۔
جواب: انٹرنیٹ پر موجود بنیادی معلومات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی طرف سے اس ماہانہ وظیفہ کے اجراء کے لیے محکمۂ داخلہ، حکومتِ پنجاب کا جاری کردہ رجسٹریشن فارم، مسجد کے بارے میں مکمل تفصیل، امام کے ذاتی کوائف اور ساتھ ہی مسجد انتظامیہ کا تصدیق نامہ لازمی ہے، اس کے علاوہ امامِ مسجد سے ایک حلف لیا جاتا ہے، جس میں درج ہے: ’’میں مسمّٰی فلاں بن فلاں حلفیہ اقرار کرتا ہوں کہ میں جامع مسجد فلاں کا پیش امام ہوں، میری کوئی سرکاری نوکری ہے اور نہ میں کسی ادارے سے پنشن پاتا ہوں ‘‘۔
اگر یہ اعزازیہ امام مسجد کی سابق یا موجودہ دینی خدمات پر بطور انعام ہوتا تو امام مسجد کے لیے محض ذاتی کوائف اور قابلیت کافی تھی، مسجد کی رجسٹریشن، مسجد کے بارے میں مکمل تفصیل اور امام کی مسجد سے وابستگی اور مسجد کمیٹی کی توثیق ضروری نہ ہوتی۔
اس سے صاف ظاہر ہے کہ حکومتِ پنجاب کے قواعد و ضوابط کے تحت، یہ وظیفہ صرف اُس مسجد کے حاضر سروس امام کے لیے مخصوص ہے جس مسجد کے نام پر اُن کی رجسٹریشن اور تصدیق کی گئی ہے۔ اگر کوئی امام رجسٹرڈ مسجد چھوڑ کر کسی دوسری جگہ امامت کرتا ہے اور سابق مسجد کے نام پر وظیفہ وصول کرتا رہتا ہے، تو یہ سرکاری پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔
اس پالیسی کے تحت ایک رجسٹرڈ مسجد کے کوٹے پر صرف ایک امام کو اعزازیہ مل سکتا ہے۔ سابقہ امام کے کارڈ بند نہ کروانے کی صورت میں اس مسجد میں آنے والے نئے امام کا حق متاثر ہوتا ہے، جو شرعاً ناجائز ہے۔
امامت چھوڑنے کی اطلاع چھپا کر وظیفہ لیتے رہنا بھی سرکاری ریکارڈ میں حقیقت چھپانے اور ناحق وصولی کے زمرے میں آتا ہے۔ حدیث پاک میں ہے: ترجمہ: ’’جس شخص کو ہم کسی کام پر مقرر کریں اور وہ ہم سے ایک سوئی یا اس سے بڑی کوئی چیز چھپائے، تو وہ خیانت ہے، جسے وہ قیامت کے دن لے کر آئے گا۔(صحیح مسلم:1833)
علّامہ ابن عابدین شامی لکھتے ہیں: ترجمہ:’’یہ بیان اس بارے میں ہے کہ جب مقررہ وظیفہ خود امامت ادا کرنے والے کے لیے مشروط ہو، تو نائب مقرر کرنے والا اصل امام (عمل نہ کرنے کی صورت میں) اس وظیفے کا مستحق نہیں ہوتا،(ردّالمحتار علیٰ الدرالمختار ،جلد4،ص:420)۔
آگے چل کر مزید لکھتے ہیں: ترجمہ:’’ اور ہمارے زمانے کے بہت سے فقہاء اس بات سے دھوکا کھا گئے ہیں، چنانچہ انہوں نے بغیر ذمہ داری ادا کیے (یا خود بغیرکام کیے) وظائف کا لینا اور (واقف کی)شرائط کی مخالفت کرنا حلال سمجھ لیا ہے۔
حالانکہ امام سیوطی رحمہ اللہ نے ان کے فقہاء سے جو بات نقل کی ہے، وہ صرف اُن املاک کے بارے میں ہے جو بیت المال کی ملکیت میں باقی رہی ہوں اور جن کا کسی دوسرے کی طرف منتقل ہونا ثابت نہ ہو۔ البتہ وہ زمینیں جنہیں حکمران نے بیچ دیا ہو اور ان کی فروخت کے صحیح ہونے کا حکم بھی دے دیا گیا ہو، پھر خریدار نے انہیں وقف کر دیا ہو، تو ان میں واقف کی شرائط کی پابندی کرنا ضروری ہے،(ردّالمحتار علیٰ الدرالمختار، جلد4،ص:437)‘‘۔
البتہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کاایک بیان نظر سے گزرا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مسجد کی کمیٹی حکومت کے وظیفہ یافتہ امام کو جو تنخواہ پہلے سے دے رہی تھی، وہ دیتی رہے، لہٰذا حکومت کے مقرر کردہ اعزازیے کے علاوہ بھی مُتعلقہ مسجد کی کمیٹی اُس امام کو تنخواہ دیتی ہے، تو وہ اس کے لیے جائز ہے، لیکن جس مسجد میں امامت کی خدمت کے عوض حکومت نے مشاہرہ مقرر کیا ہے، اگر مذکورہ امام وہاں اپنے فرائض منصبی ادا نہیں کرتا، تو یہ مشاہرہ لینا اس کے لیے جائز نہیں ہے اور حکومت اسے اداکردہ رقم واپس لے سکتی ہے، حکومت کے فارم میں بھی یہ درج ہے :’’ میں مندرجہ بالا بیان کا پابند ہوں، اگر میرے قول وفعل میں تضاد پایا گیا تو حکومتِ وقت کو وصول شدہ وظیفہ واپس کرنے کا پابند ہوں گا ‘‘(واللہ اعلم بالصّواب)