مولانا قاری محمد سلمان عثمانی
’’جمادی الثانی‘‘ ہجری اعتبار سے چھٹا مہینہ ہے، اس مہینے پر اسلامی سال کا نصف ہوتا ہے، اسے جمادی الاخریٰ بھی کہا جاتا ہے، مشہور مفسر علّامہ ابن کثیر رحمہ اللہ نے اپنی شہرہ آفاق تفسیر میں اس کی وجہ تسمیہ یہ ذکر کی ہے کہ یہ نام ’’جمادی‘‘ اور ’’الثانی‘‘دو لفظوں کا مجموعہ ہے، جمادی جمد سے بناہے جس کے معنی’’ ٹھنڈک‘‘ کے آتے ہیں اور الثانی کا معنی ہے ’’دوسرا‘‘یوں اس کا مجموعی مطلب بنتا ہے ’’دوسری ٹھنڈک‘‘جس زمانے میں اس مہینے کا نام تجویز کیا گیا اس وقت عرب میں اس قدر سخت سردی پڑ رہی تھی کہ برتنوں میں پڑا ہوا پانی جم جاتا تھااور یہ اس سردی کا دوسرا مہینہ تھا،اس موسمی کیفیت کے پیش ِ نظر اس ماہ کا نام جمادی الثانی رکھا گیا۔
اس ماہ میں بہت سے تاریخی واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے اس مہینے کو مسلمہ تاریخی حیثیت حاصل ہے اور یہ اہل ِ سیر اوراہل ِ تاریخ کی مباحث کا موضوع رہا ہے، لہٰذا سیرت و سوانح کی کتب کے معتبر حوالوں سے اس ماہ پیش آنے اہم غزوات اورمعروف شخصیات کی وفیات کا مختصر ذکر قارئین کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔
اس ماہ میں ہونے والا اہم ترین معرکہ’’یرموک‘‘ ہے جو خلیفۂ راشد حضرت عمر بن خطابؓ کے عہد ِ مبارک میں پیش آیا،یہ جنگ مسلمانوں کے لیے تاریخی حیثیت رکھتی ہے ،اس جنگ کی کمان حضرت ابوعبیدہ ؓ کے ہاتھ میں تھی، مسلمانوں کے مد ِ مقابل رومی فوج تھی، دریائے یرموک کے کنارے واقع ہونے والی اس جنگ میں مسلمانوں نے جرأت و بہادری کے انمٹ نقوش چھوڑے،رومی فوج مسلمانوں سے چار گنا زیادہ تھی اور ان کی طرف سے اس قدر سخت تیر اندازی ہوئی کہ تیروں میں سورج چھپ گیا ،لیکن اس کے باوجود مسلمانوں نے اسے پسپا کر کے روم پر فتح کے جھنڈے گاڑ دیے اور اس دور کی سپرپاور طاقت کو ملیا میٹ کر کے رکھ دیا۔15 ہجری ماہ ِ جماد ی الثانی میں بصرہ شہر کی بنیاد رکھی گئی، یہ علاقہ بھی حضرت عمرؓ کے عہد ِ زریں میں مسلمان فوج کے زیر ِ نگیں آیا تھا، اس شہر کی آبادی کا سہرا حضرت عتبہ بن غزوان کے سر ہے، آج بھی اس شہر کو ایک تاریخی حیثیت حاصل ہے اور امت کے کبار مفسرین ،محدثین ،مؤرخین اور صوفیائے کرام نے اس کی مردم خیز مٹی سے جنم لیا ہے۔
ماہ ِ جمادی الثانی میں جن جلیل القدر صحابہ کرام ؓ کی وفات کے المناک سانحات پیش آئے ان میں ایک نام حضرت کعب بن مالکؓ کا ہے، ان کی کنیت ابوعبداللہ تھی اور قبیلہ بنو سلمہ کے چشم و چراغ تھے، بیعت عقبہ ثانیہ کے موقع پر مشرف بہ اسلام ہوئے، امام ابی حاتم رحمہ اللہ نے انہیں اصحاب ِ صفہ میں شمار کیا ہے، غزوۂ تبوک میں جو تین صحابہ کرام ؓپیچھے رہ گئے تھے اور اس کی وجہ سے سب مسلمانوں نے پچاس دن تک ان سے سوشل بائیکاٹ کیے رکھا اور بالآخر اللہ تعالیٰ نے ان کی معافی کا قرآن ِ کریم میں اعلان فرمایا ان میں ایک حضرت کعب بن مالک ؓبھی تھے،امام محمد بن سیرین رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ حضرت کعب بن مالک ؓ کا شمار نبی کریم ﷺکے خاص شعراء میں ہوتا تھا، باختلاف ِ اقوال آپؓکی وفات چالیس ،پچاس یا اکیاون ہجری میں ہوئی۔
رسول ِ اکرم ﷺکے چچازاد بھائی حضرت عبد اللہ بن عباس ؓکا سانحہ ارتحال بھی اسی ماہ میں پیش آیا ، آپ جماعت ِ صحابہ میں سب سے زیادہ قرآنی علوم کے ماہر تھے، اسی بناء پر آپ کو ’’رئیس المفسرین ‘‘ ’’ترجمان القرآن‘‘ اور حبر الامۃ‘‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے، جب مسلمان شعب ِ ابی طالب کی قید کاٹ رہے تھے، اس وقت ان کی پیدائش ہوئی، خلفائے راشدینؓ کے عہد ِ مبارک میں کئی بار امیرِ حج مقرر کیے گئے، قرآنی علوم پر مہارت کے ساتھ ساتھ اعلیٰ درجے کے فقیہ بھی تھے، ان کے حلقۂ درس میں جلیل القدر صحابہ وتابعین شریک ہو کر کسب ِ فیض کرتے تھے، حضرت عمرؓ کو جب بھی کوئی مسئلہ درپیش ہوتا تو انہی کی طرف رجوع فرماتے، عقلی کمال کا عالم یہ تھا خلفائے راشدینؓ کے ادوار میں انہیں مشیر کے عہدے پر فائز کیا گیا اور بہت سے اہم دینی امور میں ان کی رائے کے پیش ِ نظر فیصلے کیے گئے68 ہجری میں بعمر ستر سال آپ نے دنیا سے رحلت فرمائی اور محمد بن حنفیہ نے نمازِ جنازہ پڑھائی۔
ماہ َ جمادی الثانی 22 ہجری میں مشہور صحابی حضرت ابودرداء ؓ کے انتقال ِ پرملال کا واقعہ پیش آیا، آپ ایک درویش مزاج اور انتہائی سادہ زندگی گزارنے والے تھے، کسی شخص کا بلند مکان دیکھتے تو برہم ہو جاتے اور اس کو تنبیہ کرتے ہوئے فرماتے کہ اتنی مختصر زندگی میں اتنی بڑی عمارتیں کیوں بناتے ہو،عبادت کا شوق اس قدر غالب تھا اس عظیم مقصد کے لیے اپنی تجارتی سرگرمیاں موقوف کر دیں، مالی اعتبار سے بہت کمزور تھے لیکن خود دار تھے اور کسی کے سامنے دست ِ سوال دراز نہیں کرتے تھے، آپ نے لوگوں کی تعلیم کے لیے مسجد میں مختلف حلقے قائم کر رکھے تھے، ہر دس افراد پر ایک حلقہ ہوتا تھا اور اس کا ایک نگران مقرر تھا جو انہیں دین کے مسائل سکھاتا تھا، مجلس کے آخر میں سوالات کی عام نشست ہوتی اور جس کو جو مسئلہ پوچھنا ہوتا پوچھ لیتا تھا،حضرت عثمان ِ غنی کے دور ِ خلافت میں کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے جان جان ِ آفریں کے سپرد کر دی۔ جمادی الاخریٰ پہلی صدی ہجری کے اہم تاریخی واقعات میں خلیفۂ اوّل سیّدنا صدیق اکبر ؓ کا سانحۂ ارتحال ہے۔
آپ مردوں میں سب سے پہلے اسلام کی دولت سے شرف یاب ہوئے۔ دربار رسالتؐ سے آپ کو ’’صدیق‘‘ کا لقب عطا ہوا۔ رسول اللہ ﷺکے وصال کے بعد حضرت ابو بکر صدیق ؓ رسول اکرم ﷺ کے جانشین اور خلیفہ مقرر ہوئے۔ آپؓ نے 22 جمادی الاخریٰ سن 13 ھ میں مغرب اور عشاء کے درمیان وفات پائی اور رسالتِ مآب ﷺ کی قبرِ اطہر کے قریب اس طرح دفن کیے گئے کہ ان کا سر رسول اﷲﷺکے شانۂ مبارک کے برابر رہا۔ آپؓ کی دینی و مذہبی خدمات اسلامی تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہیں۔