آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: مجھے شکار کے بارے میں بعض مسائل معلوم کرنے ہیں:
1. اگر ہم بسم اللہ پڑھ کر بندوق چلائیں اور اس کی گولی یا چھرے سے کوئی حلال جانور زخمی ہوجائے، لیکن ہمارے پہنچنے سے پہلے ہی وہ مرجائے تو کیا وہ شکار حلال ہوگا؟
2. آج کل مچھلی کے شکار کے لیے بھی ایک گن (بندوق) استعمال کی جاتی ہے، کیا اس سے مچھلی کا شکار جائز ہے؟ اگر وہ تیر لگنے سے مچھلی مرجائے تو کیا وہ حلال ہوگی؟
جواب:1. شکار کیا ہوا جانور شکاری کے پہنچنے سے پہلے مرجائے تو اس کے حلال ہونے کی شرائط میں سے ایک شرط یہ بھی ہے کہ کسی دھاری دار چیز سے اس کا شکار کیا جائے، جس سے اس کا خون بہہ جائے،اور شکار کی موت اس دھاری دار چیز سے لگے ہوئے زخم سے ہی ہو۔عام طور پر بندوق کی گولی اور کارتوس دھاری دار نہیں ہوتے اور شکار ان کی دھار سے زخمی نہیں ہوتا، بلکہ فائر کی قوت اور چوٹ کی بناء پر زخمی ہوتا ہے، لہٰذا عام گولی یا کارتوس سے شکار کیا ہوا جانور اگر شکاری کے ذبح کرنے سے پہلے مرجائے تو وہ حلال نہیں ہوگا۔
البتہ اگر کسی بندوق کی گولی دھاری دار ہو یا تیر کی طرح نوک دار ہو، اور شکار اس کی دھار سے ہی زخمی ہو کر شکاری کے پہنچنے سے پہلے مرجائے تووہ شکار حلال ہوگا، بشرطیکہ گولی چلاتے وقت بسم اللہ پڑھی ہو، اور شکاری نے فائر کرنے کے بعد شکار کا پیچھا نہ چھوڑا ہو، مسلسل اپنے شکار کی تلاش میں رہا ہو، نیز اس دھاری دار زخم کے علاوہ اس کی موت کی کوئی اور وجہ ظاہر میں نہ ہو۔ لیکن اگر شکار میں زندگی کے واضح آثار باقی ہوں اور شکاری اس تک پہنچ جائے تو ذبح کیے بغیر وہ شکار حلال نہیں ہوگا۔
حدیث شریف کا مفہوم ہے: حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے بغیر پَر والے نوک دار تیر سے شکار کے بارے میں سوال کیا تو رسول اللہﷺ نے فرمایا: جب تم بغیر پروں والا تیر مارو اور وہ شکار کے جسم کو چھید دے (یعنی تیز حصے کے ذریعے نشانہ بنا کر خون بہادے) تو اس کو کھا لو اور اگر وہ اسے عرض (چوڑائی) کی طرف سے نشانہ بنائے اور مار ڈالے تو (وہ چوٹ لگنے سے مرا ہے، اسے) مت کھاؤ۔ (صحيح مسلم، کتاب الصيد والذبائح وما يؤکل من الحيوان، حدیث: 4972 و 4974 و 4977)
حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: ’’اور اگر تم (شکار کی طرف) تیر مارو تو بسم اللہ پڑھو، پھر اگر ایک دن تک وہ (تیر لگا ہوا شکار) تمہیں نہ ملے (بعد میں مل جائے) اور تمھیں اس میں اپنے تیر کے علاوہ کسی اور چیز کا نشان نہ ملے تو اسے کھالو اگر تم چاہو، اور اگر وہ (تمھارا تیر لگا ہوا شکار) تمھیں پانی میں ڈوبا ہوا ملے تو مت کھاؤ۔ ‘‘
دوسری حدیث میں یہ اضافہ بھی ہے: ’’ تم اسے (شکار کو) پانی میں گرا ہوا پاؤ تو مت کھاؤ، کیوں کہ تمہیں معلوم نہیں کہ وہ پانی سے مرا ہے یا تمھارے تیر سے۔‘‘ (صحيح مسلم، کتاب الصيد والذبائح وما يؤکل من الحيوان، حدیث: 4981، 4982)
سنن نسائی کی روایت میں ہے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جب تم اس میں تیر پاؤ اور اس میں کسی درندے کا نشان نہ ہو اور تمھیں یقین ہو جائے کہ وہ تمھارے تیر سے مرا ہے تو اسے کھاؤ۔“(سنن النسائی، کتاب الصيد والذبائح، باب فی الذی یرمی الصید فیغیب عنہ، حدیث: 4305 )
’’معارف القرآن‘‘ میں مفتی محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ تحریر فرماتے ہیں:" جو شکار بندوق کی گولی سے ہلاک ہوگیا ہو،اس کو بھی فقہاء نے ’’موقوذہ‘‘ میں داخل اور حرام قرار دیا ہے۔
امام جصاص نے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے نقل کیا ہے کہ وہ فرماتے تھے: ’’المقتولة بالبندقة تلك الموقوذة‘‘ یعنی بندوق کے ذریعے جو جانور قتل کیا گیا ہے، وہ ہی موقوذہ ہے، اس لیے حرام ہے، امام ابو حنیفہ، شافعی، مالک رحمہم اللہ وغیرہ، سب اس پر متفق ہیں۔" (سورۃ المائدہ،آیت:3،ج:3،ص:27 - و كذا في درر الحکام شرح غرر الأحکام، کتاب الصيد، ج:1، ص:274، ط:دار إحياء الکتب العربيۃ - ردّ المحتار علیٰ الدر المختار، کتاب الصید، ج:6، ص:471، ط:سعيد - تبيين الحقائق، كتاب الصيد،ج:6،ص:59،ط:دار الکتاب الاسلامي -الفتاویٰ الھنديۃ، کتاب الصيد،الباب الرابع،ج:5،ص:425،ط:دار الفکر، بیروت)
2. بندوق نما تیر سے مچھلی کا شکار کرنا جائز ہے، اس طرح شکار کی ہوئی مچھلی بلا تردد حلال ہے۔ مچھلی میں ذبح کا حکم نہیں ہے، کانٹے، جال یا کسی بھی طرح شکار کی ہوئی مچھلی حلال ہے۔ مچھلی صرف اس صورت میں حلال نہیں ہے جب کہ وہ طبعی طور پر مرنے کے بعد پانی کی سطح پر آجائے۔
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جس جانور کو سمندر نے کنارے پر ڈال دیا ہو یا پانی کم ہو جانے سے وہ مر جائے تو اسے کھاؤ، اور جو سمندر میں مر کر اوپر آ جائے اسے مت کھاؤ۔“ (سنن ابن ماجۃ، کتاب الصيد، باب الطافی من صيد البحر، حدیث: 3247)
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: ’’تمہارے لیے دو مردار اور دو خون حلال کر ديے گئے ہیں: رہے دونوں مردار تو وہ مچھلی اور ٹڈی ہے، اور رہے دونوں خون: تو وہ جگر (کلیجی) اور تلی ہے۔‘‘ (سنن ابن ماجۃ، کتاب الأطعمۃ، باب الکبد و الطحال، حدیث: 3314 - ردّ المحتار علیٰ الدر المختار، کتاب الذبائح، ج:6، ص:306، 307، ط:سعید)