پروفیسر خالد اقبال جیلانی
تصوف ایک عالم گیر حلقہ ہے، جہاں تزکیۂ نفس اور تصفیہ قلب کا اہتمام کیا جاتا ہے، یہاں سے وابستہ ہر فرد، ہر نفس، اپنا احتساب کرتا ہے، یہاں عمل نہیں خیال پر گرفت ہوتی ہے۔
یہاں ہر سالک کو یہ سبق پڑھایا جاتا ہے کہ دنیا میں رہو، مگر اس سے دل مت لگاؤ، اللہ کے سوا سب سے ترک تعلق بہترین طرزِ حیات ہے، اللہ کا قرب اور دیدار انہی کو حاصل ہوتا جو اسے پانے کے لیے سراپا جستجو اور مجسم انتظار رہتے ہیں، ضبطِ نفس، ایثار، شفقت، ذکر، مجاہدہ، مراقبہ اسے پانے اور قرب کی شرائط ہیں، جنہیں پورا کرکے سالک کو اللہ کا عرفان حاصل ہوتا ہے اور وہ فنافی اللہ کا مقام پاتا ہے۔
صوفیائے ہندوستان کے اسی قافلے کے ایک روشن چراغ حضرت خواجہ حافظ غلام حیدر شاہ المعروف میاں حضور نقشبندی گلشن آبادی ؒ کی ذات والا صفات بھی ہے۔ جن کا 57واں عرس 24-23-22-21دسمبر کو پاکستان و ہندوستان میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
میاں حضورؒ بھارت کی موجودہ ریاست مدھیہ پردیش سابقہ مالوہ سنٹرل انڈیا کے ایک شہر جاؤرہ(گلشن آباد) میں1849 ء کو پیدا ہوئے۔ آپ کی ابتدائی زندگی بڑے شاہانہ انداز سے گزری۔ آپ ایک دولت مند باپ کے بیٹے تھے، لہٰذا آپ کی تعلیم و تربیت بھی اسی انداز سے ہوئی، آپ نے جاؤرہ کے ہائی اسکول میں شہر کے نامور اور قابل ترین اساتذہ سے قدیم و جدید علوم کی تعلیم حاصل کی۔
آپ کی علمی قابلیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آپ کو اردو، فارسی، عربی، ہندی، سنسکرت اور انگریزی زبانوں پر مکمل عبور حاصل تھا۔ فارسی اور اردو کے قادر الکلام شاعر تھے۔ مائل ؔگلشن آبادی تخلص کرتے تھے۔
فضل ایزدی جب رہبرِ راہ سلوک ہوا اور میاں حضور ؒ نے سلسلۂ نقشبندیہ میں حضرت خواجہ فضل الدین احمد نقشبندیؒ کی بیعت کی اور سلوک و تصوف کا راستہ اختیار کیا تو آپ کے شاہانہ لباس، غذا، رہن سہن، عادات و اشغال ذہن و افکار کی دنیا میں انقلاب آگیا اور ’’الفقر فخری‘‘ کا عملی نمونہ اور زندہ تقسیر بن گئے۔ آپ نے اپنی ساری دنیا فقیری میں لٹا دی۔
ایک مرتبہ ارشاد فرمایا ’’اللہ نے دنیا بہت دی تھی، ذاتی مال و متاع کے علاوہ جب میرے والد صاحب کا وصال ہوا تو ہزاروں روپیہ نقد، زیورات، زمینیں، مال و مویشی متعدد جائیدادیں بہت کچھ تر کے میں ملا۔ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر اور احسان ہے کہ آج میرے پاس ایک تنکا بھی نہیں اور آج میں اس دنیا میں ایک انچ زمین کا بھی مالک نہیں ہوں۔
یہی کچھ ہے ساقی متاعِ فقیر
اسی سے فقیری میں ہوں میں امیر
سلوک کے میدانِ خارزار میں قدم رکھتے ہی آپ نے سب سے پہلے تصوف کے جو بنیادی اصول سختی سے اپنائے، وہ کم کھانا، کم سونا، کم بولنا اور کم ملنا تھے۔ بمشکل دو یا تین گھنٹے سوتے، آپ ہر وقت مسجد میں رہتے، مسجد ہی آپ کا گھر بھی تھی اور عبادت گاہ بھی، ہر وقت یاد الہٰی میں مشغول رہتے، زندگی میں شریعت کے خلاف کبھی کوئی قدم نہیں اٹھاتے۔ عشق رسول ﷺ آپ کا سرمایۂ حیات اور اتباع سنت آپ کا اوڑھنا بچھونا تھا۔
آپ کی شریعت کی سختی سے پابندی اتباع سنت اور عشق رسول ﷺ کو دیکھ کر آپ کے ہم عصر صوفیاء اور مشائخ کہا کرتے تھے کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں میاں حضور ؒ کی شکل میں اس زمانے میں اسلاف کا عملی نمونہ دکھادیا ۔آپ بہت کثرت سے درود شریف کا ورد کیا کرتے تھے۔
درود آپ کی روحانی غذا تھی۔ قرآن کریم آپ کی محبوب ترین کتاب تھی۔ قرآن سے شغف کا اندازہ اس بات سے کیجئے کہ آپ نے چالیس سال کی عمر میں صرف چند مہینوں میں قرآن پاک حفظ کر لیا۔
آپ نے کبھی کسی کشف کرامت کا اظہار نہیں فرمایا۔ آپ کرامت کو فقیر کے راستے کی رکاوٹ قرار دیتے اور اپنے مریدین و معتقدین کو سختی سے منع کرتے کہ میرے کسی عمل کو کبھی بھی کرامت بنا کر لوگوں کے سامنے بیان نہ کیا جائے۔
آپ جس بات کے لئے سب سے زیادہ بے چین و بے قرار رہتے۔ وہ مخلوق کی خدمت، خبرگیری اور ان کی ضروریات زندگی کی فراہمی تھا۔ چناںچہ آپ کے پاس جو کچھ بھی مال و متاع نذرانے وغیرہ کی شکل میں آتا، وہ اسی وقت ضرورت مندوں میں تقسیم فرما دیتے۔
کوئی چیز کسی صورت اپنے گھر میں نہیں جانے دیتے اور نہ ہی اس میں اپنے لئے یا اپنے گھر والوں کے لئے کوئی چیز رکھتے، حالانکہ گھر میں اکثر فاقہ ہی رہتا تھا، عاجزی و انکساری آپ کے خُلق کا اعلیٰ ترین و صف تھا۔ اپنے آپ کو بہت کمتر سمجھتے تھے، اکثر گفتگو میں فرماتے ’’بھائی، میں فقیر آدمی ہوں۔‘‘
ہر چھوٹے بڑے کی عزت اس کے حیثیت و مقام سے بڑھ کر کرتے۔ انسان سے بلاتفریق مذہب و ملت محبت کرتے۔ میاں حضورؒ کا وصال 9؍جمادی الثانی 1388ھ مطابق 15؍ستمبر1967ء کو جاؤرہ (بھارت) میں ہوا۔ جاؤرہ میں آپ کا مزار اور خانقاہ آج بھی انسانیت کے لئے رشد و ہدایت کے فیضان کا ذریعہ ہیں۔ پاکستان و بھارت میں آپ کے مریدین اور معتقدین ہزاروں کی تعداد میں ہیں۔