• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعتدال اور میانہ روی: اسلامی تعلمات کا امتیازی پہلو

ڈاکٹر نعمان نعیم

اعتدال اور میانہ روی سے مراد زندگی کے ہر شعبے میں ایسی درمیانی اور متوازن راہ اختیار کرنا ہے جس میں نہ تو افراط (حد سے بڑھنا یا سختی کرنا) ہو اور نہ ہی تفریط (کمی کرنا یا کوتاہی برتنا) ہو۔ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے: اللہ تمہارے ساتھ آسانی کا معاملہ کرنا چاہتا ہے اور تمہارے لیے مشکل پیدا نہیں کرنا چاہتا۔(سورۃ البقرہ ۱۸۵)

اللہ تعالیٰ نے ہر مسلمان پر روزانہ پانچ نمازوں کی ادائیگی فرض کی ہے، خواہ مرد ہو یا عورت، غریب ہو یا مال دار، صحت مند ہو یابیمار، طاقت ور ہو یا کمزور، بوڑھا ہو یا نوجوان، مسافر ہو یا مقیم، بادشاہ ہو یا غلام حتیٰ کہ جہاد وقتال کے عین موقع پر میدان جنگ میں بھی یہ فرض معاف نہیں ہوتا۔ ہاں یہ سہولت ہے کہ اگر کوئی شخص کھڑے ہوکر نماز ادا نہیں کرسکتا تو وہ بیٹھ کر پڑھے، اگر بیٹھ کر بھی نہیں پڑھ سکتا تو لیٹ کر ادا کرے۔

اگر مریض قبلے کی طرف رخ کرکے نماز پڑھ سکتا ہے تو اسے قبلے کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنی چاہئے، لیکن اگر کسی عذر کی وجہ سے قبلے کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنا ممکن نہیں ہے تو جس طرف ممکن ہو، رخ کرکے نماز پڑھ لے۔ اسی طرح مرد کو چاہئے کہ وہ فرض نمازمسجد جاکر جماعت کے ساتھ ادا کرے، لیکن عذر کی وجہ سے گھر پر بھی تنہا نماز پڑھ سکتا ہے۔

نماز کے لیے وضو ضروری ہے، لیکن اگر کوئی بیمار وضو نہیں کرسکتا تو وہ تیمم کرکے نماز پڑھے۔ وضو میں جو اعضاء دھوئے جاتے ہیں، اگر اُس جگہ پر پٹی بندھی ہوئی ہے تو وضو کرنے کی صورت میں جس جگہ پر پٹی بندھی ہوئی ہے، اُس جگہ پر گیلے ہاتھ سے مسح کرلے، باقی اعضاء کو دھولے۔

آسانی کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ وہ حضور اکرم ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک یعنی نماز ہی نہ پڑھے۔ اسی طرح زکوٰۃ کے فرض ہونے پر زکوٰۃ کی ادائیگی تو کرنی ہے، لیکن اگر مال زکوٰۃ کے واجب ہونے کے لیے ضروری نصاب تک نہیں پہنچا یا نصاب سے تو زیادہ ہے، لیکن اُس پر ایک سال نہیں گزرا یا قرضہ موجود مال سے بھی زیادہ ہے تو زکوٰۃ واجب نہیں۔

دین کے بنیادی ارکان کو مثال دے کر سمجھایا گیا کہ دین اسلام میں آسانی کا مطلب اپنی خواہشات کی اتباع نہیں، جیساکہ لامذہب لوگ سمجھتے ہیں ،بلکہ اللہ کے احکام کو نبی اکرمﷺ کے طریقے پر بجالانے کا نام ہی دین ہے، خواہ اس کے لیے کچھ تکلیفیں برداشت کرنی پڑیں۔

حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: دوزخ خواہشات نفسانی سے ڈھک دی گئی ہے اور جنت مشکلات اور دشواریوں سے ڈھکی ہوئی ہے۔ (صحیح بخاری) انسان اگر اخروی زندگی میں کامیاب ہونا چاہتا ہے، جو یقیناً ہر شخص کی خواہش ہے تو اسے چاہئے کہ وہ اپنی خواہشات پر عمل چھوڑکر خالق کائنات کے احکام کے مطابق اور حضور اکرم ﷺ کے طریقے کے مطابق زندگی گزارے، یعنی اخروی کامیابی کے لئے صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے دین اسلام کو اختیار کرنا۔

دین اسلام پر عمل کرنا آسان ضرور ہے، یعنی انسان کو اس کی طاقت سے باہر کسی عمل کا مکلف نہیں بنایا گیا، لیکن یہ بات یقینی ہے کہ دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے میں دشواریاں ضرور آتی ہیں، مثلاً فجر کی نماز کی ادائیگی کے لئے یقینا ًصبح کو گہری نیند آنے کے باوجود اٹھنا پڑتا ہے، سردی کے باوجود وضو کرنا پڑتا ہے اور مسجد میں جاکر نماز ادا کرنی ہوتی ہے۔ مال کی محبت اور ضرورت کے باوجود زکوٰۃ کے فرص ہونے پر اس کی ادائیگی کرنی ہوتی ہے۔

روزہ رکھنے میں بھوک پیاس برداشت کرنی پڑتی ہے، غرض یہ کہ ہمیشہ ہمیشہ کی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے احکام الٰہی پر عمل کرنا ضروری ہے، خواہ اس کے لئے مشکلات اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے۔ ہاں یہ بات مسلّم ہے کہ دین صرف عبادات کا نام نہیں۔ عبادات یعنی نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج وغیرہ کی ادائیگی دین اسلام کا ایک اہم حصہ ضرور ہیں، لیکن دین کے دیگر اجزاء مثلاً معاملات اور معاشرت میں بھی شریعتِ اسلامیہ کی تعلیمات پر عمل کرنا ضروری ہے۔

بعض حضرات عبادات میں تو فرائض، واجبات، سنن اور نوافل کا مکمل اہتمام کرتے ہیں، لیکن معاملات میں اللہ تعالیٰ کے احکام کو بھول جاتے ہیں، چنانچہ نماز وروزے کی پابندی کے باوجود کاروبار میں جھوٹ بول کر لوگوں کو دھوکا دیتے ہیں یا رشوت لیتے ہیں۔ اسی طرح بعض حضرات دوسروں کے ساتھ برتاؤ کرنے میں اسلامی تعلیمات کو نظر انداز کرتے ہیں۔

دوسری طرف امتِ مسلمہ کا ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو دین کے تمام ہی شعبوں میں اسلامی تعلیمات سے دور رہنے کے باوجود دوسروں خاص کر نماز وروزہ کی پابندی کرنے والوں پر اعتراضات کرنے کو ہی اپنے لیے دین اسلام کی خدمت سمجھتا ہے۔ اللہ کی اطاعت میں ہمیں میانہ روی اختیار کرنی چاہئے، یعنی حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ ہمیں حقوق العباد میں بھی کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہئے۔

نماز وروزے کی پابندی کے ساتھ بیوی، بچوں، دیگر گھر والوں، پڑوسیوں، رشتے داروں اور دوستوں سب کا خیال رکھنا چاہئے، کیونکہ دین اسلام میں رہبانیت نہیں ہے، یعنی یہ دین نہیں کہ ہم جس معاشرے میں رہ رہے ہیں، اُسے چھوڑ کر صرف مسجد کے ایک کونے میں بیٹھ کر اللہ کا ذکر کریں۔

یقیناً قرآن کریم کے اعلان کے مطابق اللہ تعالیٰ کے ذکر سے دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے، اور ذکر نہ کرنے والوں کو نبی اکرم ﷺ نے مُردوں کے مانند قرار دیا ہے، لیکن اللہ کی مخلوقات اور دنیاوی سازوسامان کا جائز استعمال کرکے معاشرے میں اپنا مقام بنانا اور عصری تعلیم حاصل کرکے ہر جگہ اپنی نمائندگی کو یقینی بنانا بھی تو دین ہے۔ اس ضمن میں نبی اکرم ﷺ کے چند فرامین پیش خدمت ہیں، جن سے اِس موضوع پر خاص رہنمائی ملتی ہے۔

حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ تین صحابی ؓازواج مطہراتؓ کے پاس تشریف لائے اور اُن سے حضور اکرم ﷺ کی عبادت کے متعلق سوال کیا۔ جب اُنہیں اطلاع دی گئی تو انہوں نے اُسے بہت کم سمجھا اور کہنے لگے ہم کہاں اور اللہ کے رسولﷺ کہاں۔ اُن میں سے ایک نے کہا: میں ہمیشہ ساری رات نماز پڑھوں گا۔ دوسرے شخص نے کہا: میں ہمیشہ روزے رکھوں گا۔ تیسرے نے کہا: میں عورتوں سے کنارہ کشی اختیار کروں گا۔

حضور اکرم ﷺ اُن کے پاس تشریف لے گئے اور فرمایا: تم وہ لوگ ہو، جنہوں نے اس طرح کہا؟ اللہ کی قسم! میں تم میں سب سے زیادہ اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والا ہوں اور تم میں سب سے زیادہ اس کا خوف رکھنے والا ہوں، لیکن میں روزہ رکھتا ہوں اور افطار بھی کرتا ہوں۔ نماز پڑھتا ہوں اور سوتا بھی ہوں اور ازدواجی تعلق بھی رکھتا ہوں، پس جس نے میری سنت سے اعراض کیا، وہ مجھ سے نہیں۔ (بخاری ومسلم)

حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ اُن کے پاس تشریف لائے اور اُن (حضرت عائشہؓ) کے پاس ایک عورت بیٹھی تھیں۔ آپ ﷺ نے پوچھا یہ کون ہیں؟ میں نے جواب دیا، یہ فلاں عورت ہے، جس کی نماز کا تذکرہ کیا جاتا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: بس ٹھہرو! تم وہ چیز لازم پکڑو جس کی تمہیں طاقت ہو۔ اللہ کی قسم! اللہ تعالیٰ نہیں اکتاتا، بلکہ تم اُکتا جاؤ گے۔ اللہ تعالیٰ کو وہ اطاعت زیادہ محبوب ہے ،جسے کرنے والا اس پر مداومت اختیار کرے۔ (بخاری ومسلم)حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: دین میں بے جا تشدد کرنے والے ہلاک ہوگئے۔

آپ ﷺ نے یہ بات تین مرتبہ ارشاد فرمائی۔ (صحیح مسلم) حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: دین آسان ہے اور جو کوئی بے جاتشدد دین میں اختیار کرتا ہے، دین اس پر غالب آجاتا ہے۔ پس تم میانہ روی اختیار کرو ، خوش ہوجاؤاور صبح وشام اور رات کو کچھ حصے کی عبادت سے مدد حاصل کرو ۔ (صحیح بخاری)

خلاصۂ کلام یہ ہے کہ ہمیں زندگی کے تمام شعبوں میں شریعت اسلامیہ پر عمل پیرا ہونا چاہیے، جیسا کہ فرمان الٰہی ہے: اے ایمان والو! اسلام میں پورے کے پورے داخل ہوجاؤ اور شیطان کے نقش قدم پر نہ چلو۔ یقین جانو وہ تمہارا کھلا دشمن ہے۔ (سورۃ البقرہ ۲۰۸) لہٰذا جہاں ہمیں مسجدوں کو آباد کرنا ہے، وہیں بازاروں میں بھی اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہے اور اپنے اخلاق کو بہتر بنانا ہے۔

اقراء سے مزید